گلبرگ (درنایاب) مہنگائی میں جکڑے پانی کے نادہندہ شہریوں پر ایک اور تلوار چلنے کوتیار، واسا نے مسلسل 3 بل جمع نہ کر وانے والے صارفین کے واٹر کنکشن بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق واسا نے شہر بھر میں مسلسل تین بل ادا نہ کرنے والوں کیخلاف ٹھوس کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ واسا حکام نے مسلسل تین بل ادا نہ کرنے والوں کی لسٹیں تیار کرنا شروع کردی ہیں، واسا کے ڈائریکٹر ریونیو اطہر محمود نے تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز کو ٹاسک سونپ دیا، اس سے قبل انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر پانی کے کنکشن منقطع نہیں کئے جاتے تھے۔
واسا کی جانب سے کمرشل صارفین سے ریکوری کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واسا کے تمام ٹاؤنز میں سروے اور نئے کنکشنز کو واسا بلنگ میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، ریونیو میں نئے بلنگ سسٹم کے حوالے سے تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز کو اپنی سفارشات واسا ریونیو ڈائریکٹوریٹ کو ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب حکومت نےپانچ سے کم کو ریلیف جبکہ پانچ مرلے سے زائد کے رہائشی واسا صارفین کے لیے پانی کا بل مہنگا کرنے کی تجویز اور نئے نرخ نامے عائد کرنے کے احکامات دے دیئے، واسا کے ذرائع آمدن اور حکومت کی جانب سے دی جانیوالی سبسڈی ختم کرنے کیلئے نئے بزنس ماڈل پر تیاریاں جاری ہیں، جس میں حکومت نے واسا کو پانی کے نرخوں کے اضافے کی اجازت تو دی لیکن تاحال منظوری نہیں ہوسکی۔