(سٹی 42) ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری بڑھ گئی، رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کےدوران صنعتی شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 75 فیصد اضافہ رکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران صنعتی شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حقیقی حجم ایک ارب 85 کروڑ 27 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال اس عرصے سے 79 کروڑ ڈالر زیادہ ہے تاہم اس دوران اسٹاک مارکیٹ میں بیرونی سرمایہ کاری کے حجم میں 2 کروڑ 63 لاکھ ڈالر کی کمی دیکھی گئی۔
ٹی بلز اور دوسرے حکومتی بانڈز میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 2 ارب 16 کروڑ 11 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا،جس کے باعث 8 ماہ کے دوران مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 3 ارب 98 کروڑ 75 لاکھ ڈالر رہا، جو گزشتہ مالی سال کے اس عرصے کی مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری سے 3 ارب 33 کروڑ ڈالر زیادہ ہے، رپورٹ کے مطابق فروری کے دوران مجموعی طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 56 کروڑ 26 لاکھ ڈالر رہا۔