کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ

17 Mar, 2020 | 10:08 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (قیصر کھوکھر)چین سے شروع ہونے والا کورونا وائرس دنیا کے  149 ممالک میں پھیل چکا ہے،  اب تک کورونا وائرس سےڈیڑھ لاکھ افراد متاثر  اور 5500سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں،خطرناک وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے، لاہور میں کورونا وائرس کا ایک کنفرم اور 28 مشکوک مریض آئسولیشن وارڈز میں  داخل ہیں۔

پنجاب حکومت اس جان لیوا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے، پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبے بھر کے ہسپتالوں میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کردی،لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس کے پیش نظر سکولز، کالجز ، یونیورسٹیاں، سینما گھر ، شادی ہالز بند کردیئے گئے، پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی، علمائے کرام نے بھی کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پنجاب حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا۔

اس خطرناک وائرس سے نمٹنے کیلئے پنجاب حکومت  نے ایک اور  بڑا فیصلہ کرلیا، صوبہ بھر کے تمام ہسپتالوں کیلئے 300سکریننگ کٹس اور وینٹی لیٹر خریدنے کی منظوری دےدی، سکریننگ کٹس اور وینٹی لیٹر خریدنے کی منظوری چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں دی گئی، سکریننگ کٹس اور وینٹی لیٹرز صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں فراہم کیے جائیں گے۔

چیف سیکرٹری پنجاب اعظم سلیمان نے حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تشخیص کے لئے سکریننگ کٹس تمام ہسپتالوں کو فراہم کی جائیں،  پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں انتظامیہ الرٹ رہے اورسینئر ڈاکٹر زڈیوٹی پر موجود رہیں۔

ذرائع کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ  وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو فیس ماسک استعمال کرنے اور ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے اجتناب کرنےکا مشورہ دیا۔

مزیدخبریں