جشن بہاراں، پرندوں نے رونق لگا دی!!!

17 Mar, 2019 | 11:16 PM

Arslan Sheikh

( راؤ دلشاد ) جشن بہاراں کی مناسبت سے جیلانی پارک میں سجا رنگ رنگ برڈ شو شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا، شہریوں کی کثیر تعداد نے خوبصورت پرندوں کا دیدار کیا اور تصاویر بھی بنوائی۔

نیلے پیلے اور مختلف رنگوں کے پرندے جشن بہاراں کی مناسبت سے سجے دو روزہ برڈ شو کی زینت بنے، جہاں زندہ دلان لاہور کی کثیر تعداد اُمڈ آئی، بچے اور بڑے سبھی پرندوں کے دلدادہ نکلے، من پسند پرندوں کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔ برڈ شو میں برصغیر پاک و ہند کے ثقافتی رنگ بکھرے، مغلیہ دور کی شاہی ٹوپیاں بھی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔

برڈ شو میں پالتو کبوتر، گولڈ پیٹرج، براہما مرغے مرغیاں، اصیل مرغے، خرگوش، مختلف اقسام کے رنگ برنگے طوطے، پاکستانی فالکنز، سانپ اور دیگر پرندوں نے سبھی کو خوب محظوظ کیا۔ اس موقع پر کھانے پینے کے سٹالز اور بچوں کی لائیو پرفارمنس کا بھی خاص طور پر اہتمام کیا گیا۔

شہریوں کے چہروں پر مسکراہٹ اور ملکی ثقافت کے رنگ بکھیرتا دو روزہ برڈ شو اختتام پذیر ہوگیا۔

مزیدخبریں