ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے، سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری

17 Jun, 2024 | 09:46 AM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے اور اس موقع پر سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔

ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد ہوا، کراچی میں پولو گراؤنڈ سمیت دیگر مقامات پر نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے، پولو گراؤنڈ میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، چیئرمینا یم کیو ایم خالد مقبول صدیقی، یو اے ای، انڈونیشیا اور دیگر ممالک کے سفارتکاروں نے نماز عید ادا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں عید کی نماز ادا کی، شہباز شریف نے نماز عید کے بعد ملکی سلامتی و استحکام، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی جب کہ وزیراعظم کے صاحبزادے سلمان شہباز بھی ان کے ساتھ تھے۔

بادشاہی مسجد لاہور میں نماز عید الاضحیٰ کا بڑا اجتماع ہوا جہاں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے نماز عید کی امامت کی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور دیگر اہم شخصیات نے یہاں نماز اد کی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے آبائی ضلع ڈی آئی خان میں نمازعید ادا کی۔

عید کے اجتماعات میں ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعائیں اور غزہ کے مسلمانوں کیلئے بھی خصوصی دعائیں کی گئی۔

ملک بھر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی جاری

عید الاضحیٰ کی نماز کے بعد ملک بھر میں سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی جا رہی ہے۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری،  وزیراعظم شہبازشریف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہیں۔

صدر مملکت اور وزیراعظم کا پیغام

اپنے پیغام میں صدر آصف زرداری نے کہا کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا چاہیے، پوری قوم اخوت، ایثار، محبت اور اخلاص سے سرشار ہو کر ضرورت مندوں کی مدد کرے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے عید کے پیغام میں کہا کہ عید پر ان افراد کا بھی خیال رکھنا ہے جو قربانی کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے۔

وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ فلسطینی اور کشمیری ظلم و ستم اور بربریت کے سامنے آہنی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔

مسلح افواج کے سربراہان کا پیغام

مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے بھی تمام پاکستانیوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے اپنے پیغام میں مسلح افواج کے سربراہان نے کہا ہے کہ یہ مقدس دن بھلائی کیلئے قربانی کے جذبے کو ابھارتا ہے، اس مبارک دن پر ہم وطن کی آزادی اور امن کیلئے شہدا اورغازیوں کے مقروض ہیں۔

اپنے پیغام میں مسلح افواج کے سربراہان نے کہا کہ اس دن پر شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دشمنوں کے مذموم عزائم سے محفوظ رکھے۔

مزیدخبریں