پاکستان کو تیل کی خریداری میں کوئی خصوصی رعایت نہیں دی، روسی وزیر توانائی

17 Jun, 2023 | 09:34 PM

ویب ڈیسک :روس نے کہا ہے کہ اس نے پاکستان کو تیل برآمد کرنا شروع کردیا ہے اور اس کی مد میں چینی کرنسی 'یوآن' کو بطور ادائیگی قبول کرنے پر رضا مندی ظاہر کی البتہ تیل کی خریداری پر پاکستان کو کوئی خصوصی رعایت نہیں دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی توانائی نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ پاکستان کیلئے وہی رعایت ہے جو دوسرے خریداروں کیلئے ہے ۔روسی وزیر توانائی نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ  پاکستان نے خام تیل کیلئے ادائیگی چینی کرنسی میں کی ۔

دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان سے مال کے بدلے مال کے معاہدے پر بھی بات چیت ہوئی ۔یاد رہے کہ روسی خام تیل کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ چکی ہے ، جبکہ دوسری کھیپ آئندہ چند دنوں میں پاکستان پہنچنے کی توقع ہے ۔چند روز قبل وزیر مملکت مصدق ملک نے بھی تصدیق کی تھی  کہ روسی خام تیل کی خریداری کیلئے ادائیگی چینی کرنسی میں کی گئی ہے ۔

مزیدخبریں