ویب ڈیسک: مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکریٹری اویس لغاری، رکن قومی اسمبلی ندیم عباس ربیرہ، سابق ایم این اےعبدالمجید خان خانان خیل اور سابق صوبائی وزیر نعیم خان بابا نے الگ الگ ملاقات کی۔
ملاقات میں انہوں نے مریم نواز کو مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے پارٹی کے جنرل کونسل اجلاس کے کامیاب انعقاد پر پارٹی قیادت کو مبارکباد پیش کی، اور مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف، صدر شہباز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پارٹی امیدوار ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، قائد نواز شریف کی پالیسیوں پر عمل کیا جائے گا، آئندہ الیکشن کے لئے پوری طرح تیار ہیں، بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ انشاءاللہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ کارکنان کی محنت کے بل بوتے پر آئندہ الیکشن میں پارٹی ایک موثر پارلیمانی قوت بن کر ابھرے گی۔ پارٹی کارکنان عوامی رابطہ مہم شروع کر دیں۔