اپوزیشن رہنما کی اہلیہ کو ہراساں کرنے پر صدر کا قریبی ساتھی گرفتار

17 Jun, 2020 | 03:34 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42:صدر کے قریبی ساتھی کو شرمناک الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے،ملزم پر سینئر  اپوزیشن رہنما کی اہلیہ کو ہراساں کرنے کا  الزام ہے۔

حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والے ان لیڈر کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2016 سے گرفتار حزب اختلاف کےرہنما کی اہلیہ سے جنسی ہراسانی پرمبنی نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے۔

حکمران جماعت کے ایک رکن  نے سوشل میڈیا پر اس واقعے کی تفصیل بیان کرنے کے ساتھ جیل میں قید صلاح الدین باشاق دمیرتاش اور ان کی اہلیہ باشاک دمیرتاش کی تصاویربھی شیئرکیں۔


اس خبر پر ترک عوامی حلقوں کی طرف سے سخت رد عمل سامنے آیا۔ سوشل میڈیا پر جاری بحث میں ترک وزیر انصاف عبدالحمید گل نے کہا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
 
ترکی کے شہر ساکاریا کے پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ انہوں نے ملزم کی شںاخت کرلی ہے۔یہ واقعہ ترک میڈیا نے رپورٹ کیا ہے۔واضح رہے صدر رجب طیب اردگان کے قریبی ساتھی کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔


واضح رہے کہ صلاح الدین دمیرتاش کردوں کی حامی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے بانی ہیں اور 2016 سے قید میں ہیں۔ان پر کردوں کی مسلح تحریک کی حمایت کے الزام میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات چلائے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں