مودی کا تکبر ٹوٹ گیا

17 Jun, 2020 | 02:18 PM

Azhar Thiraj

اظہر تھراج |  گھر میں گھس کر ماریں گے،یہ بھارتی فلموں کا مشہور ڈائیلاگ ہے،بھارتی یہ ڈائیلاگ پاکستان کیلئے استعمال کرتے آئے ہیں لیکن حقیقت میں ایسا کچھ کبھی بھی نہیں ہوا،جب بھی پاکستان میں گھسنے کی کوشش کی مار ہی کھائی ہے،صرف پاکستان ہی نہیں چین،نیپال،سری لنکا ،میانمار کے فوجیوں سے بھی درگت بنوائی ہے۔


ابھی تازہ صورتحال دیکھ لیں ،چین اور بھارت میں سرحدی تنازعہ جنگی ماحول میں بدلتا نظر آرہا ہے، بھارتی فوج نے چینی بارڈر کی خلاف ورزی کی تو چینی فوج نے بھرپور جواب دیا اور بھارتی فوج کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق 20بھارتی فوجی مارے گئے ہیں،اتنے بڑے نقصان کے باوجود بھارتی حکومت ،میڈیا کو سانپ سونگ گیا،ہر طرف خاموشی ہی خاموشی ہے،مجال نہیں جنگ یا سرجیکل سٹرائیک کا نام لیں۔عجب انداز میں دھاڑنے والا مودی اس وقت خوف میں ہے۔

دنیا تو چیخ رہی تھی کہ مو د ی بھارت کو ڈبو دے گا،بھارتی تھے کہ اندھو ں کی طرح گہرے کنوئیں میں گرتے گئے،اب جاگے ہیں تو کہتے ہیں کہ ''گلتی''ہوگئی جی ۔جہاں مودی کی خارجہ پالیسی پر سوال اٹھائے جارہے تو بھارت کی اندرونی حالت بھی قابل رحم ہے۔اس وقت بھارت میں کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال خراب ہورہی ہے،روزانہ پانچ سے دس ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہورہے ہیں،اموات کی تعداد بھی روز بروز بڑھتی جارہی ہے ،روزانہ دوہزار کے لگ بھگ مریض مررہے ہیں،معاشی حالت  بھی کچھ اچھی نہیں ، بلومبرگ کے مطابق 40سال میں پہلی مرتبہ بھارتی معیشت سکڑے گی، لاک ڈائون کی وجہ سے بھوک اور بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے،بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال کے باعث حکومت پر دبائو بڑھ رہا ہے۔ گزشتہ مہینے 12 کروڑ افراد کو نوکریوں سے نکال دیا گیا،اس کے علاوہ بھارتی کمپنیوں کی کارکردگی گزشتہ 10سال کے مقابلے میں بدترین ہوگئی ہے۔

معاشی نقصان کے ساتھ دیگر بیماریوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے،صرف بمبئی میں 20سے 25 فیصد افراد دیگر بیماریوں سے مرے ہیں،نیو یارک ٹائمز کے مطابق ممبئی کے ہسپتال مریضوں سے بھرے ہوئے ہیں،گارڈین کے مطابق ایک فوٹیج کے میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 6 لاشیں کورونا مریضوں کے ساتھ رکھی ہوئی ہیں۔یہ بھارتی کوششوں کو بے نقاب کررہی ہیں۔اخبار بتاتا ہے کہ مردہ خانے بھر چکے ہیں۔ بھارت میں سخت ترین لاک ڈاؤن کے باوجودکورونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھے ہیں۔ بھارت کے مقابلے میں پاکستان اور بنگلادیش میں کورونا کیسز میں اتنا اضافہ نہیں دیکھا گیا۔


بھارت کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے بجائے ہمسائیوں کے ساتھ ''پنگا'' لے رہا ہے، مسلمانوں کیخلاف پراپیگنڈا پر لگا ہوا ہے،یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ کورونا پھیلانے کی وجہ مسلمان ہیں۔بھارتی دانشور کہتے ہیں مودی سرکار مسلمانوں کیخلاف نسلی کشی کی تیاری کررہی ہے،ایسی ہی تیاری جیسے نازیوں نے یہودیوں پر بیماری پھیلانے کا الزام لگا کر کی تھی ۔ بھارت میں لاک ڈاؤن کے دوران بھوک و افلاس کا عالم دیکھ کر انسانیت شرما گئی، کوئی ننگے پیر سینکڑوں میل پیدل سفر کرکے گھر پہنچا تو کسی کو بھوک نے مردار کھانے پر مجبور کر دیا۔چلچلاتی دھوپ، تپتی زمین اور ننگے پیر میلوں کا سفر، ایسے میں عورتوں اور بچوں کا بھی ساتھ ہو تو غربت کا کیا عالم ہوگا، لاک ڈاؤن میں مودی کی ناکام منصوبہ بندی نے غریبوں کو دربدر رلنے پر مجبور کر دیا۔


جب کشتی ڈوب رہی ہو تو ملاح بچائو کیلئے ہاتھ پائوں مارتا ہے،تیزی سے چپو چلاتا ہے،لیکن بھارتی ملاح نے اپنی کشتی بچانے کے بجائے آس پاس کی  کشتیوں کو ڈبونے کی کوششیں شروع کردی ہیں،یہ دوسروں کو شاید نقصان نہ پہنچاسکے لیکن اپنی کشتی ضرور ڈبو کر دم لے گا۔

مزیدخبریں