(شاہین عتیق) احتساب عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت، وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کو کورونا کی وجہ سےعدالت میں پیش نہیں کیا گیا، عدالت نے نیب کے گواہوں کو دوبارہ پابند کردیا۔
احتساب عدالت میں نیب نے پیرا گون سٹی کیس میں (ن) لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف ریفرنس پیش کر رکھا ہے، عدالت نے آج وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کو بیان کے لیے طلب کیا تھا، لیکن عدالت میں ان کے وکیل نے میڈیکل رپورٹ پیش کی کہ قیصرامین بٹ کو کورونا ہوگیا ہے جس کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہوسکتے، عدالت نےحاضری معاف کردی، خواجہ برادران عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کرائی۔
احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے نیب کے دو گواہوں ریاض حسین اور نذیر حسین کو دوبارہ پابند کردیا اور نیب کو حکم دیا کہ آئندہ تاریخ پر قیصر امین بٹ کو پیش کیا جائے۔
عدالت میں پیشی کے بعد خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا نے کہا کہ کچھ عرصہ کے لئے مکمل لاک ڈاؤن کریں لیکن ہمارے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سمارٹ لاک ڈاؤن کریں گے، اب کورونا ملک بھر میں پھیل چکا ہے، ملک میں سلیکٹٹڈ لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، پتا نہیں کہاں سے یہ عجیب ٹرم لے کر آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا کی بجائے اپوزیشن سے لڑ رہی ہے، وزیراعظم کا کام صرف اپوزیشن کو برا بھلا کہنا ہے، حکومتی وزراء ہر وقت گالیاں دیتے رہتے ہیں، عمران حکومت نے ملک کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جو لاہور یوں کو جاہل کہے وہ خود جاہل ہے، کسی بھی عوامی نمائندے کو شہریوں کے بارے میں غلط الفاظ استعمال نہیں کرنے چاہیے، پی ٹی آئی کے نزدیک انسانیت کی کوئی اہمیت نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لائف سیونگ انجکشن ناپید ہوچکے ہیں، یہ انجکشن انتہائی مہنگے داموں فروخت کیے جا رہےہیں، عمران خان اور ڈاکٹر ظفر اللہ سے مطالبہ ہے کہ انجکشن کی قیمت کا تعین کریں، وبا سے نمٹنے کیلئے لیڈر شپ کو اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنا پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیرصحت یاسمین راشد نے کہا تھا کہ نہ صرف لاہوریئے بلکہ پوری پاکستانی قوم جاہل ہے، لاہوری اللہ تعالیٰ کی ایک علیحدہ مخلوق ہے، لاہوری کسی کی بات سننے کو تیار ہی نہیں، کچھ بھی کہہ لیں، لاہوری عمل نہیں کرتے، شایدہی کوئی قوم اتنی جاہل ہوگی۔