لوئر مال (راؤ دلشاد) تعمیراتی سیکٹر کیلئے اچھی خبر، کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل سیف انجم کی سربراہی میں ڈیپارٹمنٹل کمیٹی نے شہر میں 11 میگا کمرشل، رہائشی اور صنعتی بلڈنگ پلانز کی منظوری د ے دی۔
کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کیپٹن (ر) سیف انجم نے ایم سی ایل کے کنٹرولڈ ایریاز کے 11 میگا تعمیراتی یونٹس تعمیر کرنے کی اجازت دے دی جبکہ 4 ہاؤسنگ، کمرشل اور انڈسٹریل بلڈنگ پلانز پر اعتراضات لگا کر مؤخر کردیئے۔
داتا گنج بخش زون کے کنٹرولڈ ایریا ڈیوس روڈ پر کمرشل ہوٹل کی توسیع کی تعمیر کی اجازت دے دی گئی، داتا گنج بخش کے ایریا میں تکبیر ٹاور کو التواء جبکہ واپڈا کے سنی ویو گرڈ اسٹیشن بھی مؤخر کیا گیا، گلبرگ زون کے ایریا سردار آئی ٹرسٹ بلڈنگ کی توسیع کی تعمیر کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق واہگہ زون.میں ایگری کلچر مشینری ورکشاپ پر اعتراضات لگائے گئے، عزیز بھٹی زون میں 6 کنال کی رہائشی تعمیر کی اجازت دے دی گئی، نشتر زون کے چار بلڈنگ پلانز میں سے دو بلڈنگ اپارٹمنٹس جبکہ ایک فارم ہاؤس کی منظوری دے دی گئی، نشتر زون ایریا میں ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ پلان پر اعتراضات لگا کرمؤخر کیا گیا۔
واضح رہے کہ 11 جون کو چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے ای بلڈنگ پلان پراجیکٹ کو نافذ کرنے کی منظوری دی تھی، ذرائع کے مطابق بلڈنگ کمپلیشن سرٹیفکیٹ 30 روز، لینڈ یوز کنورژن سے متعلق 45 روزمیں فیصلہ کرنا لازم قرار دیا گیا جبکہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم میں ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پلان 60 روز اور میٹرو پولیٹن کارپوریشنز کو 75 روزمیں پلان کی منظوری دینا کا کہاگیا ہے، بلڈنگ پلان پورٹل سسٹم پراجیکٹ کانفاذ 15 جون سے کردیا گیا۔
بلڈنگ پلان جمع کرانے کے بعد ایک روز ہیڈ ڈرافٹ مین، میونسپل پٹواری دو روز، بلڈنگ سرویئر دو روز جبکہ بلڈنگ انسپکٹرتین روز میں منظوری دے گا، اسسٹنٹ میونسپل آفیسر پلاننگ دو روز جبکہ ڈپٹی میونسپل آفیسر پلاننگ تین روز میں پلان کی منظوری دینے کا پابند ہوگا۔