سرکاری کمپنیوں کیلئے قرضوں میں اضافے کی تجویز

17 Jun, 2020 | 08:50 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی رامے) پنجاب حکومت نے سرکاری کمپنیوں کیلئے قرضوں میں اضافے کی تجویز پیش کردی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیلئے14 ارب ، انرجی ہولڈنگ کیلئے 10ارب، ایل ٹی سی کیلئے 98 کروڑ اور ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کو نئے مالی سال میں 30 کروڑ قرض دیا جائے گا۔

 رواں مالی سال میں بھی کمپنیوں کو دو ارب روپے کے اضافی فنڈز کا اجرا کیا گیا، بجٹ دستاویزات کے مطابق پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری کمپنیوں اور دیگر ماتحت اداروں کو 29 ارب 40 کروڑ روپے کا قرض دیا جائے گا، ایل ڈبلیو ایم سی، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیت دیگر ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں شامل ہیں، ایل ڈبلیو ایم سی کو رواں سال دس ارب روپے کا قرض دیا گیا تھا اور اب پنجاب بھر کے واسا کیلئے نئے مالی سال میں 4 ارب روپے کا قرض دیا جائے گا۔

ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کیلئے نئے مالی سال میں 14 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز بھی شامل ہے، پنجاب انرجی ہولڈنگ کمپنی کو 10 کروڑ، پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کو 30 کروڑ، فاٹا کیلئے پچاس کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کیلئے نئے مالی سال میں 98 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

واضح رہے کہ15 جون کو  پنجاب حکومت  نے مالی سال 2020-21  کے لیے  22 کھرب 40 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا، بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ ٹیکس کی شرح میں کمی کا بھی اعلان کیا گیا ہے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اخراجات کا مجموعی حجم کا تخمینہ2115 ارب روپے لگایا گیا ہے، جس میں اخراجات جاریہ کے حجم کا تخمینہ 1778ارب اورترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 337 ارب روپے لگایا گیا ہے، پنجاب حکومت نے بھی وفاق کی طرح آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔

مزیدخبریں