سٹی42: شہر لاہور میں برآمد ہونے والے تمام ماتمی جلوس نخیریت اختتام پذیر ہوگئے۔
لاہور پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے جلوسوں کو اچھی سکیورٹی فراہم کرنے اور دس دن تک مستعدی کے ساتھ عزادار شہریوں کی حفاظت کرنے پر پولیس کے اہلکاروں کو شاباش دی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے بدھ کی رات کہا، پولیس افسران و جوانوں کامورال بلند رہا، کردار قابل ستائش ہے۔ تمام اہلکاروں نے شدید حبس وگرمی میں بہترین فرائض انجام دیئے۔ ہزاروں اہلکاروں اور افسروں نے مل جل کر شب وروز محنت کی۔ عزاداری جلوس و مجالس کی ٹیم ورک کے ذریعے سکیورٹی یقینی بنائی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ لاہور پولیس عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ یوم عاشور کے پرامن انعقاد پر شہریوں کے تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
جلوسوں کے اختتام پر بند سڑکیں کھل گئیں
لاہور ٹریفک پولیس نے تمام ٹریفک ڈائیورشنز کوعام ٹریفک کیلئے کھول دیا۔ زائرین نے عاشور کے روز ٹریفک کے مستعد انتظام کی تعریف کی اور کہا کہ یوم عاشور پر فول پروف ٹریفک انتظامات دیکھنے میں آئے۔
چھیالیس جلوس اور 277 مجلسیں
نویں، دسویں محرم الحرام پر لاہور شہر میں 46 ذوالجناح جلوس نکلے اور 277 مجالس ہوئیں۔یوم عاشور پر 3 ایس پی، 12 ڈی ایس پی،3 ہزار سے زائد وارڈنز تعینات رہے۔سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے بتایا کہ کانسٹیبل سے سینئر افسروں تک ہزاروں اہلکار دس دن تک شہریوں کی سہولت کیلئے مستعد رہے۔
ٹریفک پولیس نے مذہبی جوش و جذبہ سے فرائض سرانجام دیئے۔
عمارہ اطہر نے بہترین ٹریفک انتظامات پر ’’ٹیم مبین شہید‘‘ کو شاباش دی اور کہا، ٹریفک پلان کو یقینی بنانے پر ہم زائرین، عزاداروں اور شہریوں کے بھی مشکور ہیں۔
کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ایمرجنسی گاڑیوں کیلئے راستہ کلیئررکھا گیا۔