ملک بھر میں عاشور کے ماتمی جلوس بخیر و عافیت اختتام پذیر ہو گئے

17 Jul, 2024 | 10:18 PM

سٹی42: لاہور ، کراچی اور اسلام آباد، راولپنڈی اور ملک بھر کے سینکڑوں شہروں اور قصبوں میں عاشورہ کی صبح نکلنے والے ماتمی جلوس  اختتام پذیر ہو گئے ۔

 کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس حسینہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوا، یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے بوتراب اسکاؤٹس  کی قیادت میں برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں نمائش، ایم اے جناح روڈ، پریڈی، صدر، تبت سینٹر، جامع کلاتھ، بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔

گوجرانوالہ میں ذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ گلستانِ معرفت کالج روڈ سے صبح گیارہ بجے روانہ ہوا اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا ظہرین کے وقت چوک گھنٹہ گھر پہنچا جہاں مومنین نے نماز ظہرین ادا کی اور اس کے بعد زنجیر زنی کی گئی۔ جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مغربین کے وقت امام بارگاہ گلستانِ معرفت  پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

  اسلام آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ جی سکس ٹو سے برآمد ہوا اور مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا واپس امام بارگاہ جی سکس ٹو آ کر ختم ہوا۔  تمام جلوس اختتام پذیر ہوگئے، راولپنڈی  میں عاشورہ کا مرکزی جلوس جامع مسجد روڈ   پہنچا جہاں عزاداروں  نے نماز مغربین ادا کی ، جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پہنچ کراختتام پذیر ہو گیا۔

 فیصل آباد میں  امام بارگاہ قصرِ ابو طالب غلام محمد آباد شاہی چوک سے شبیہ ذوالجناح اور  علم کا جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے امام بارگاہ قصرِ ابو طالب غلام محمد آباد شاہی چوک کے باہر اختتام پذیر ہوگیا۔

 ملتان میں مرکزی جلوس  آستانہ لعل شاہ سے برآمد ہوا اور  کربلا شاہ شمس تبریز پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا ۔
گلگت میں یوم عاشور کا مرکزی ماتمی جلوس مرکزی امامیہ مسجد پہنچ کر اختتام پذیر ہوا،یوم عاشور کے مرکزی جلوس میں گلگت اور مضافات سے 28 ماتمی دستے شامل تھے۔
مانسہرہ میں یوم عاشور  کا مرکزی جلوس امام بارگاہ مفتی آباد پر اختتام پذیر ہو گیا ،مانسہرہ پیراں اور پارس کے جلوس بھی اختتام پذیر ہو گئے ۔

 کوئٹہ میں دسویں محرم کا مرکزی ماتمی جلوس اختتام پذیر ہوگیا ،دسویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس چوک شہدا علم دار روڈ سے برآمد ہوا تھا ، 37 دستوں پر مشتمل یوم عاشورہ کا جلوس لیاقت بازار، پرنس روڈ علم دار روڈ سے ہوتے ہوئے بہشت زینب قبرستان پہنچ کر اختتام پزیر ہوگیا،عزادار نے میزان چوک پر نماز ظہیرین ادا کی،مرکزی جلوس کی حفاظت کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ 
پشاورمیں امام بارگاہ علمدار کربلا سے یوم عاشور کا مرکزی ماتمی جلوس برآمد ہوا جو مرکزی راستوں سے ہوتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ علمدار پر اختتام پذیر ہوگیا۔

 حیدرآباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس کربلا دادن شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا، جلوس انجمن حیدری کے زیر اہتمام قدم گاہ مولا علیؑ سے برآمد ہوا تھا۔ 
مٹیاری میں یوم عاشور کے ماتمی جلوس بھٹ شاہ، مٹیاری ، نیوسعیدآباد میں اختتام پذیر  ہو گئے،بڑے شہر  ہالامیں ماتمی جلوس کربلا کی طرف رواں دواں  ہے ،ہالا میں ماتمی جلوس 11بجے اختتام پذیر ہوگا۔ 
لاڑکانہ میں یوم عاشور کا مرکزی ماتمی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا  پاکستانی چوک پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا ،پاکستانی چوک پر نماز مغربیں ادا کی گئی۔

 اوکاڑہ میں مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا ایوان حسین ڈی بلاک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔ 

مزیدخبریں