سٹی42: نثار حویلی سے نکلنے والا ذوالجناح کا مرکزی جلوس 21 گھنٹے تک اندرون شہر کی گلیوں اور سڑکوں پر چلنے کے بعد کربلا گامے شاہ پہنچ کر خیر و عافیت کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ کربلا گامے شاہ میں اس وقت نمازِ مغربین ادا کی جا رہی ہے۔ ماتم داروں کی بڑی تعداد امام بارگاہ کے احاطہ میں جا چکی ہے جبکہ ہزاروں عزادار بدستور باہر سڑک پر موجود ہیں۔
جلوس کی کربلا گامے شاہ آمد سے کچھ دیر قبل وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی لاہور میں عاشورہ کے مرکزی جلوس کی آخری منزل امام بارگاہ کربلا گامے شاہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے پہنچ گئے تھے۔
منگل کی شب دس بجے امام بارگاہ نثار حویلی سے نکلنے والا شبیہہ ذوالجناح کا جلوس اس وقت بھاٹی دروازہ کے اندر موتی ٹبہ تک پہنچا تھا۔ شام تقریباً سوا سات بجے مرکزی جلوس بھاٹی چوک سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گیا۔
عاشور کے مرکزی جلوس کی سکیورٹی کا انتہائی سخت انتظام کیا گیا اور راستے بھر قانون نافذ کرنے والوں نے مستعدی کے ساتھ جلوس کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنائے رکھا۔
بدھ کی شام جلوس کی آمد کے پیش نظر کربلا گامے شاہ اور اطراف کے تمام علاقہ پر پولیس گہری نظر رکھے ہوئے تھی۔ جلوس تک پہنچنے کے لئے ہر شخص کو مکمل تلاشی کے عمل سے گزارا گیا جبکہ ہر طرح کی ٹریفک کو جلوس کے روٹ سے کافی دور ہی روکنے کے لئے بڑے کنٹینر لگا کر سڑکیں بند کی گئیں۔
کابینہ کمیٹی برائے امن کے ارکان بھی کربلا گامے شاہ پہنچ گئے
کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے ارکان بھی کربلا گامے شاہ پہنچ گئے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، خواجہ سلمان رفیق ن، وزیر خزانہ میاں مجتبی شجاع الرحمن اور بلال یسین، سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل اور دیگر متعلقہ افسران بھی وزرا کے ساتھ موجود تھے
کمیٹی کے ارکان نے یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے روٹ کے آخری حصہ کا جائزہ لیا۔
کمشنر لاہور زید بن مقصودنے کابینہ کمیٹی کو جلوس کے اختتام کے لئے سکیورٹی کے انتظامات پر بریفنگ دی۔
ایس پی سٹی جلوس کے اختتام کے انتظامات کی پڑتال کیلئے پہنچ گئے
ایس پی سٹی کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا نے لاہور میں عاشور کے مرکزی جلوس ذوالجناح کے اختتام کے راستوں پر سکیورٹی کا ایک بار پھر تفصیل سے جائزہ لیا ہے۔
اے ایس پی شازیہ اسحاق، ایس ایچ او اکبری گیٹ بھ یایس پی سٹی کے ساتھ تھے۔ نثار حویلی سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس اپنے روائتی راستوں سے ہوتا ہوا تھوڑی دیر بعد کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہو گا۔
ایس پی سٹی نے اہم پوائنٹس کا جائزہ لیا اور جلوس کے روٹ میں آنے والے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو چیک کیا ہے۔ انہوں نے ڈیوٹی پر مامور تمام افسران و اہلکاروں کو چیک الرٹ اور بریف کیا۔
ایس پی سٹی کیپٹن قاضی عیسیٰ نے بتایا کہ مرکزی جلوس کے تمام پوائنٹس پر سیکورٹی الرٹ ہے۔ عمارتوں کی چھتوں پر اہلکار تعینات کیے گے ہیں۔مرکزی جلوس کی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
تمام عزاداروں کو تین درجاتی حصار سے سخت چیکنگ کے بعد جلوس میں داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
سی ٹی او عمارہ اطہر بھی عاشورہ جلوسوں کےاختتام کے انتظامات دیکھنے پہنچ گئیں
سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے یوم عاشور کے مختلف جلوسوں کا دورہ کیا ہے۔ سی ٹی او نے ٹریفک ڈائیورشن پوائنٹس پر شہریوں سے ٹریفک کی صورتحال معلوم کی۔ انہوں نے وارڈنز کو بریفنگ دی۔
عمارہ اطہر نے بتایا کہ شہریوں کی سہولت اور آسانی کیلئے اضافی نفری تعینات کی گئی،
مجالس اور جلوسوں میں شرکت کیلئے آنے والے زائرین کےلئے بہترین پارکنگ انتظامات کئے گئے۔
وارڈنز مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
شہریوں کو شہر بھر میں ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہیں ہونے دیا گیا۔
وارڈنز پرامن محرم الحرام کےلئے الائیڈ محکموں کے شانہ بشانہ فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
رپورٹ؛ زین مدنی، علی رامے، وقاص احمد، وسیم عظت