سٹی42: امریکہ میں ایک چھوٹے سے شہر الینوائے کے علاقہ نیش ویل کے رہائشیوں کو شہر خالی کرنے کے انتباہات جاری کئے گئے کیونکہ حکام کو خدشہ تھا کہ صدی میں ایک بار ہونے والی بارش کے دوران ڈیم پھٹ سکتا ہے۔
واشنگٹن کاؤنٹی کی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے منگل کی صبح اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں کہا۔"توجہ کیجئے نیش ویل ڈیم کی ناکامی قریب ہے۔ براہ کرم اسی وقت اپنا گھر خالی کر دیں۔ آپ کو ابھی گھر خالی کرنا ہوگا!‘‘
واشنگٹن کاؤنٹی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کی طرف سے ایک نقشہ بھی تقسیم کیا گیا۔ اس نقشہ میں نیش وِل سٹی ریزروائر (ڈیم) کے آس پاس کے علاقے دکھائے گئے ہیں جو اچانک سیلاب کے خطرے میں ہیں۔
(تصویری کریڈٹ: واشنگٹن کاؤنٹی IL ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی)
امریکہ کے لیڈنگ نیوز چینل سی این این نے16 جولائی کو بتایا کہ نیش وِل، الینوائے کے رہائشیوں کے لیے انخلاء کا حکم دیا گیا ہے، کاؤنٹی کے ہنگامی حالات سے متعلق حکام نے خبردار کیا ہے کہ شہر کے آبی ذخیرہ کا ڈیم کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔
سینٹ لوئس میں نیشنل ویدر سروس کے دفتر کے ریڈار کی مدد سے کئے گئے اندازوں کے مطابق، گزشتہ 6 گھنٹوں میں خطے میں 5 انچ (127 ملی میٹر) سے زیادہ بارش ہونے کے بعد صبح 10 بجے تک واشنگٹن کاؤنٹی فلڈ وارننگ کے تحت آ چکی تھی۔
بارش کی یہ سطح 100 سالہ بارش کی فریکوئنسی تک پہنچ رہی تھی - موسمی ریکارڈ کے مطابق - ہر صدی میں صرف ایک بار اتنی زیادہ بارش ہونے کا شماریاتی امکان ہوتا ہے۔
منگل کی صبح بھی ایلینوے کے علاقے میں موسلادھار بارش جاری تھی۔ منگل کی سہ پہر اور شام کے بعد شدید ترین بارش میں ممکنہ وقفے کے بعد رات بھر علاقے میں بھاری بارش کا ایک اور دور کا امکان بتایا جا رہا تھا۔ (جس وقت پاکستان میں بدھ کی شام کے پانچ بجے ہیں اس وقت ایلینوے میں بدھ کی صبح سات بجے کا وقت ہے)
امریکی مردم شماری بیورو کے مطابق نیش وِل 3,105 افراد پر مشتمل آبادی ہے جو جنوب مشرقی الینوائے میں واقع ہے، یہ سینٹ لوئس، مسوری سے تقریباً 50 میل مشرق میں ہے۔
اس سے پہلے 26 جولائی 2022 کو، نیش وِل کے قریب 12 گھنٹے سے بھی کم وقت میں چار انچ سے زیادہ بارش ہونے کے بعد شہر کے آبی ذخیرہ پر بنا ایک ثانوی ڈیم ٹوٹ گیا تھا، جس کی وجہ سے ایشلے، الینوائے اور نیش وِل کے درمیان تقریباً 40 ایکڑ اراضی سیلاب میں آ گئی تھی۔ چونکہ اس مرتبہ منگل کے روز 5 انچ بارش برس چکی تھی اس لئے حکام کا سخت خائف ہو جانا طبعی امر ہے۔
چار گھنٹے بعد ایلینوئے کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اب صورتحال قابو میں ہے۔
واشنگٹن کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے ترجمان الیکس ہیگلنڈ نے بتایا کہ پیر اور منگل کو ہونے والی شدید بارش کا پانی ڈیم کے اوپر سے گزرا اور نیچے کی طرف بہہ گیا، جس نے نیش وِل، الینوائے کے رہائشیوں کو نقل مکانی پر مجبور کیا۔
"ایک اندازے کے مطابق 200 رہائش گاہیں سیلاب کے خطرے سے دوچار تھیں،" ہیگلنڈ نے ایک نیوز ریلیز میں کہا کہ امدادی کارکنوں نے پانی کے ریلے کی زد مین آنے والے علاقے میں رہائشیوں کو نکالنے میں مدد کی - اِن میں سے کچھ نے اپنے گھروں میں کمر سے زیادہ پانی آ جانے کی اطلاع دی تھی - تاہم اب بتایا جا رہا ہے کہ ڈیم ٹوٹنے کا خطرہ ٹل گیا ہے۔