سٹی42: امریکہ میں سابق صدر اور ری پبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا نائب صدر کا امیدوار جے ڈی وینس ٹرمپ سے بھی دو ہاتھ آگے نکلا۔ جے ڈی وینس نے مسلم فوبیا پر مبنی بیان داغا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی لیبر پارٹی برطانیہ کو جوہری ہتھیاروں سے لیس اگلا اسلامی ملک بنادے گی۔
جے ڈی وینس کو گزشتہ روز ہی ری پبلکن پارٹی کی جانب سے باضابطہ طور پر نائب صدر کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔
جے ڈی وینس نے "برطانیہ کے ایٹمی ہتھیاروں والا اسلامی ملک" بننے کے متعلق بیان گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں ایک کانفرنس کے دوران دیا تھا۔
وینس نے اس کانفرنس میں کہا کہ میں اپنے دوست کے ساتھ تبادلہ خیال کررہا تھا کہ آئندہ جوہری ہتھیار حاصل کرنے والا حقیقی اسلامی ملک کونسا ہوسکتا ہے؟ ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ شاید وہ ملک برطانیہ ہوگا خاص طور کہ جب وہاں لیبر پارٹی کی حکومت آچکی ہے۔
اس کانفرنس میں برطانوی کنزرویٹو جماعت سے تعلق رکھنے والی بھارتی نژاد سابق برطانوی ہوم سیکرٹری سویلا بریورمین بھی شریک تھیں ۔ وہ فروری میں بیان دے چکی ہیں کہ "اسلامسٹ لوگ اب برطانیہ کے کرتا دھرتا ہیں۔"
تجزیہ کاروں نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اگر آئندہ امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ اقتدار میں آتے ہیں تو جے ڈی وینس کے اس رویہ کے سبب برطانوی اور امریکی حکومتوں کے درمیان تعلقات پیچیدہ ہوسکتے ہیں۔
جے ڈی وینس کے اسلامو فوبیا پر مبنی بیان کے متعلق برطانیہ کی نائب وزیر اعظم اینجلا رینر سے سوال کیا گیا تو مس رینز نے کہا کہ جی ڈی وینس ماضی میں بہت سی چونکا دینے والی باتیں کرتے رہے ہیں۔ اینجلا رینر نےیہ بھی کہا کہ برطانوی حکومت کسی بھی امریکی انتظامیہ کے ساتھ کام کرسکتی ہے۔