ویب ڈیسک: دنیائے ٹینس کا سب سے معتبر اور عظیم ٹائٹل سمجھے جانے والے ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ فائنل میں بڑا اپ سیٹ ہو گیا، تجربہ کار نوواک جوکووچ کو 20 سالہ سپینش کھلاڑی کارلوس الکاراز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق ٹینس کی دنیا میں نئی تاریخ رقم ہوئی ہے ، سپین سے تعلق رکھنے والے کارلوس الکاراز نے ومبلڈن ٹینس کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے، انہوں نے دفاعی چیپمپئن سربیا سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار نوواک جوکووچ کو سخت ترین مقابلے کے بعد شکست دے دی، جس کے بعد راجر فیڈرر، نوواک جوکوچ ، اینڈی مرے اور رافیل نڈال پر مشتمل 20 سالہ اقتدار کا خاتمہ ہو گیا، واضح رہے کہ گزشتہ 20 برس سے ومبلڈن ٹینس پر انہیں چاروں کھلاڑیوں کا قبضہ رہا ہے ، راجر فیڈرر نے 8 بار جبکہ نوواک جوکوچ نے 7 بار ومبلڈن کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے .
ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ مینز ایونٹ کے فائنل کا مقابلہ انتہائی سنسنی خیز اور اعصاب شکن ثابت ہو ا جو 4 گھنٹے 42 منٹ تک جاری رہا ، اس عرصے کےدوران 5 سیٹ ہوئے پہلے سیٹ میں دفاعی چیمپئن نوواک جوکوچ نے باآسانی نوجوان کارلوس کو 1-6 سے شکست دے دی ، دوسرے سیٹ میں کارلوس نے ٹائی بریکر پر6-7 سے سیٹ جیت لیا، تیسرے سیٹ میں جوکووچ نوجوان کھلاڑی کے عمدہ اسٹروکس کا مقابلہ نہ کر سکے اور 1-6سے سیٹ ہار گئے ۔
چوتھے سیٹ میں تجربہ جوانی پر بھاری رہا اور جوکووچ نے اپنی تمام توانائی خرچ کر کےکارلوس کو 3-6 سے مات دیتے ہوئے مقابلہ 2-2 سے برابر کر لیا اس طرح یہ میچ مزید سنسنی خیز اور دلچسپ ہو گیا اس کے بعد پانچویں راؤنڈ کا آغاز ہو اجس میں جوکووچ اپنے اعصاب پر قابو نہ رکھ سکے اور گیم کے وقفے کے دوران نیٹ پر اپنا ریکٹ مار کر توڑ دیا ، یہ سیٹ 4-6 سے کارلوس الکاراز نے اپنے نام کیا اورومبلڈن ٹائٹل بھی ۔
کارلوس الکاراز کی یہ دوسری گرینڈ سلام ٹرافی ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے 12 ستمبر 2022 کو یو ایس اوپن کا فائنل جیت کر کم عمر ترین ورلڈ نمبر ون ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔