ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا، انہوں نے دل کے مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا اور صفائی کے انتظامات کا بھی مشاہدہ کیا۔
تفصیلات کےمطابق محسن نقوی نے ایمرجنسی وارڈ، سی ٹی سکین، ایکسرے روم، فلورو سکوپی اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے نے مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے استفسار کیا۔ انہوں نے مریضوں اور تیمارداروں سے انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کی سہولت کے بارے دریافت کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مریضوں سے پرائمری انجیو گرافی کی سہولت کا بھی پوچھا۔ مریضوں اور تیمارداروں نے ہسپتال میں فراہم کردہ سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور بتایا کہ ڈاکٹرز اور عملہ خیال رکھتا ہے اور ادویات بھی ہسپتال سے ملتی ہیں۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وی آئی پی وارڈ کو عام مریضوں کے لئے کھولنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں علاج معالجے کی معیاری سہولتیں دیکھ کر خوشی ہوئی۔ یہ ہسپتال دل کے مریضوں کے لئے اچھی علاج گاہ ہے۔ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کو سراہتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال کے لئے فنڈز اور دیگر درکار ضرورتوں کو پورا کیا جائے گا اور اس ضمن میں سیکرٹری صحت کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔