دہلی کاسیلاب؛ جمنا میں پانی کا لیول دوبارہ خطرہ کا نشان عبورکرگیا

17 Jul, 2023 | 05:28 PM

ویب ڈیسک: نئی دہلی کےریلوے پل پر دریائے جمنا میں پانی ایک بار پھر خطرناک لیول سے اوپر چلاگیا۔  پیر کی دوپہر دریائے جمنا میں پانی کی سطح ایک بار پھر خطرہ کے نشان سے اوپر 205.84 میٹر ریکارڈ کی گئی۔

سینٹرل واٹر کمیشن کے مطابق پیر کی صبح 7 بجے دریائے جمنا میں پانی کی سطح 205.48 میٹر تھی جب کہ اتوار کی صبح 8 بجے یہ سطح 206.02 میٹر تھی لیکن پیر کی دوپہر پانی کی آمد میں اچانک اضافہ ہوا اور پانی کی سطح ایک بار پھر خطرہ کے نشان سے اوپر چلی گئی۔اب سنٹرل واٹر کمشن کا کہنا ہے کہ جمنا میں پانی کی سطح  جس رفتار سے بڑھ رہی ہے یہ پیر کی رات دوبارہ 206 میٹر سے اوپر چلا جائے گا۔ 

دریائے جمنا میں پانی کی سطح خطرناک لیول سے اوپر جانے کے باعث شہر میں ایک بار پھر سیلابی صورتحال کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

دہلی کی خاتون کیبنٹ منسٹر ن آتشی نے نشیبی آبادیوں کے عارضی کیمپوں میں مقیم لوگوں سے  گھروں کو واپس جانے کی جلدی نہ کرنے کا مشورہ دیا اور پیر کی رات  عارضی کیمپوں میں ہی رہنے کی اپیل کی ہے کیونکہ "مرکزی آبی کمیشن کا اندازہ ہے کہ جمنا ایک بار پھر اوور فلو ہو رہی ہے۔ جمنا کے پانی کی سطح گزشتہ دو دنوں سے گرنے کے بعد پیر کی رات پرانی دہلی جمنا پل پر ایک بار پھر اوپر آنے کا امکان ہے۔ 

دہلی کے نشیبی علاقوں میں اسکول بند رہیں گے

فعال ریلیف کیمپوں کی وجہ سے جو  اسکول 17 اور 18 جولائی کو بند رہیں گے ان میں ایم سی پی ایس پلہ (گرلز) نریلا زون، ایم سی پی ایس جہانگیرپوری آر بلاک سول لائنز زون شامل ہیں۔
طلباء کی حفاظت کو ذہن میں رکھتے ہوئے، دہلی حکومت نے 18 جولائی تک اسکولوں کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے کیونکہ قومی دارالحکومت کے کئی حصوں میں پانی جمع ہونے کی صورتحال برقرار ہے۔ ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے، دہلی کے ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے ان اسکولوں کی فہرست جاری کی جو 17 اور 18 جولائی کو وہاں کے ریلیف کیمپوں کی وجہ سے یا پانی بھر جانے کی وجہ سے روک تھام کے اقدام کے طور پر بند رہیں گے۔ ایم سی ڈی نے ان تمام اسکولوں، ایم سی ڈی سے امداد یافتہ اور تسلیم شدہ اسکولوں کی فہرست بھی جاری کی ہے جو 17 جولائی کو کھلیں گے۔

سیلاب زدہ گھرانوں کی نقد امداد
 دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کے لیے 10 ہزار روپے فی خاندان مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

اروند کجریوال کا کہنا تھا کہ پانی کی سطح آہستہ آہستہ نیچے جارہی ہے، شہری جلد ریلیف کیمپوں سے اپنے گھروں کو واپس لوٹیں گے لیکن ہمیں صورتحال معمول پر آنے تک ان کی مدد کرنا ہے،

ڈیزاسٹر مینیجمنٹ وارڈ کا قیام

دہلی حکومت نے شہر میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ وارڈ قائم کر دیا ہے۔ وزیر سوربھ بھردواج نے کھچری پور کے لال بہادر شاستری اسپتال کا دورہ کرتے ہوئے کہا: "میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں اور ان میں مفت علاج کیا جا رہا ہے۔دو  دو  ڈاکٹروں کے ساتھ پیرا میڈیکل اسٹاف اس وقت تمام کیمپوں میں موجود ہیں۔ ہم نے کیمپوں کا بھی جائزہ لیا۔ کیمپوں میں 200-250 لوگ چیک اپ کے لیے آ رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر فورس نے شہر میں سیلاب سے متاثرہ افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے 17 ٹیمیں تعینات کی ہیں، ٹیموں نے اب تک 1600 سے زائد لوگوں کو ریسکیو کیا ہے۔

مزیدخبریں