(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کے آغاز کا الزام عائد کیا جس پر الیکشن کمیشن کا ردعمل آگیا ،
ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ مظفر گڑھ میں ہمارے امیدوار معظم جتوئی کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن 44 اور 46 سے باہر نکال دیا گیا، معظم جتوئی کے پولنگ ایجنٹس کو خالی ڈبے اور بیلٹ پیپر چیک کرنے نہیں دیے گئے۔
انھوں نے لکھا کہ فارم 46 کی شفافیت ختم کر دی گئی، اب ہمیں پتہ نہیں اس پولنگ اسٹیشن پر کتنے جعلی ووٹ ڈالے جائیں گے، دھاندلی کا آغاز کر دیا گیا ۔
شہباز گل کے الزام پر الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مظفرگڑھ میں پولنگ اسٹیشنز سے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالنےکا الزام غلط ہے اور رہنما پی ٹی آئی شہباز گل کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین پولنگ اسٹیشنز پر خواتین اور مرد پولنگ اسٹیشنز پر مرد پولنگ ایجنٹس بیٹھتےہیں، سیاسی جماعت کے تصدیق شدہ پولنگ ایجنٹ کو بیٹھنے کی اجازت ہے، بغیر تصدیق کے الزامات لگا کر پولنگ کا عمل متنازع نہ بنایا جائے۔
دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن ہارون شنواری نے بھی شہباز گل کے الزام پر کہا کہ پولنگ اسٹیشن 44 پر پی ٹی آئی کے امیر بخش ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں، پولنگ اسٹیشن 46 پر تا حال پی ٹی آئی کی خاتون پولنگ ایجنٹ نہیں پہنچیں،صرف مجاز پولنگ ایجنٹ کو پولنگ اسٹیشن کے اندر آنے کی اجازت ہے، آپ کی خبر غلط ہے۔