ن لیگ کو الیکشن کے دن بڑا دھچکا،اہم رکن پنجاب اسمبلی نے استعفیٰ دیدیا

17 Jul, 2022 | 08:30 AM

ویب ڈیسک :ضمنی انتخابات سے چند گھنٹوں قبل مسلم لیگ ن کے ایک اور رکن پنجاب اسمبلی نے استعفیٰ دیدیا۔

شیخوپورہ سے ایم پی اے میاں جلیل احمد شرقپوری نے ہاتھ سے لکھا استعفیٰ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کو پیش کیا۔نارووال سے ن لیگ کے ایک او ر رکن اسمبلی غیاث الدین نے بھی چودھری پرویزالٰہی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

استعفی سے متعلق جلیل شرقپوری نے کہا ہے کہ آج شہبازشریف جس طرح اشتہاریوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں میں کس طرح ان کے ساتھ چل سکتا ہوں، عمران خان کے ویژن کے ساتھ پہلے بھی تھا اب بھی ان کے ساتھ چلوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حلقے کے کارکنوں سے مشورے کے بعد ضمنی الیکشن سے پہلے استعفیٰ دینے آیا ہوں،ابھی کچھ نہیں پتہ کہ حمزہ شہباز کی حکومت رہے گی یا چودھری پرویزالٰہی کی حکومت بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج ایک سوچ اور نظرئیے کے تحت استعفیٰ دیا ہے،عمران خان کے نظرئیے اور فلاسفی کو پسند کرتے ہیں اسی لیے ان کے ساتھ ہیں۔

جلیل شرقپوری نے کہا ہے کہ میری اپیل ہے کہ کل تمام حلقوں کے اندر محب وطن اور اسلام پسند لوگ تحریک انصاف کے امیدوار کو ووٹ دیں ، میری دعا ہے کہ عمران خان کا ویژن کامیاب ہو تاکہ جس مقصد کیلئے پاکستان بنا تھا یعنی لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ اس مقصد کو ہم حاصل کر سکیں۔

مزیدخبریں