ویب ڈیسک : امریکی انٹرٹینمنٹ ادارے لائف ٹائم کی تیار کردہ فلم ہیری اینڈ میگھن اسکیپنگ دی پیلس کا ٹریلر منظر عام پر آگیا ہے۔ امریکی ادارے کی سابقہ برطانوی شاہی جوڑے پر تیار کردہ یہ تیسری فلم ہے۔
تفصیلات کےمطابق فلم ہیری اینڈ میگھن اسکیپنگ دی پیلس دراصل برطانوی شہزادے ہیری اور اُن کی اہلیہ میگھن مارکل کی زندگی پر بنائی گئی ہے۔ منظر عام پر آنے والے فلم کے ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ میگھن مارکل شاہی محل سے رخصت ہوتے ہوئے فرش پر گرتی ہیں تو شہزادہ ہیری انہیں سنبھالتے ہیں۔
برطانوی شہزادے ہیری اورمیگھن مارکل کی زندگی پر مبنی فلم امریکہ میں 6 ستمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی لیکن یہ فلم برطانیہ میں کب ریلیز ہو گی تاحال اس کی بابت کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ امریکہ کے انٹرٹینمنٹ ادارے لائف ٹائم نے اس سے قبل بھی شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی زندگی پر منبی تین فلمیں بنائی ہیں۔ لائف ٹائم کی جانب سے 2018 میں ہیری اینڈ میگھن، اے رائل رومانس اور 2019 میں ہیری اینڈ میگھن، بیکمنگ رائل نامی فلمیں ریلیز کی گئی تھیں۔