(اسرارخان) مناواں میں دیرینہ عداوت میاں بیوی کی جان لے گئی، مخالفین نے فائرنگ کرکے موٹر سائیکل سوار جوڑے کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ ورثانے واقعہ کے خلاف پرتشدد احتجاج کرتے ہوئے پولیس اور راہ گیروں کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا۔ پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔
مناواں کے علاقہ لکھو ڈیر میں دیرینہ عداوت پر دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات ہوئی، مخالفین نے موٹر سائیکل سوار نصیر اور اس کی اہلیہ نصرت پر اندھا دھند فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ متاثرہ خاندان کے لواحقین اور اہل علاقہ واقعہ کے خلاف سراپا احتجاج ہوئے، مقتولین کی لاشیں رنگ روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا، دوہرے قتل کی واردات کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ فرانزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے گئے۔
مظاہرین سے مذاکرات کی بارہا کوشش کی گئی لیکن پولیس کو ناکامی کا سامنا رہا، اسی دوران مشتعل مظاہرین نے پولیس اور دیگر راہگیروں کی گاڑیوں پر پتھراؤ شروع کردیا، سٹی42 کی ٹیم پر بھی دھاوا بولا گیا، ڈی ایس این جی کی فرنٹ سکرین توڑ دی گئی۔
آئی جی پنجاب انعام غنی نے دوہرے قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر سے رپورٹ طلب کر لی ۔