( شہزاد خان ابدالی ) رواں کاروباری ہفتے کے پانچویں روز سونے کی قیمتوں میں 300 روپے کا اضافہ ہوا۔ سونے کی قیمتیں 1 لاکھ 9 ہزار 750 روپے پر جا پہنچی، جیولرز اور صارفین نے سونے کی قیمتیں بڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا۔
شہر کے صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں رواں کاروباری ہفتے کے پانچویں روز سونے کی قیمتوں میں 300 روپے اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد خالص چوبیس قیراط فی تولہ سونا 1 لاکھ 9 ہزار 750روپے پر پہنچ گیا۔ اسی طرح بایئس قیراط فی تولہ سونا 1 لاکھ 100 روپے کا ہوگیا ہے۔
صارفین نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سونے کی تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث سونا متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر نکل گیا ہے۔ جیولرز برادری کے قائدین کا کہنا ہے کہ سٹاک ایکسچینج اور تعمیراتی شعبہ میں شدید مندی کے باعث اب سرمایہ کار سونے کے زیورات کی خریداری کی شکل میں سرمایہ کاری کررہے ہیں اس لئے بین الاقوامی مارکیٹ میں سونا مہنگا ہوتا چلا جارہا ہے۔
مقامی سطح پر ڈالر کی قدر میں اضافہ اور روپیہ کی گراؤٹ کے باعث سونا عالمی مارکیٹ سے بھی زیادہ پاکستان میں مہنگا ہے۔
دوسری جانب شہر بھر کے جیولرز نے سونے کے زیورات کی واپسی کا یکساں فارمولا طے کرلیا۔مشہور قول ہے سونا چاہے 100سال بھی پاس رکھیں واپسی پر سنارکا،شہر کی جیولرز برادری اس تاثر کو زائل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔جیولرز نے سونے کے زیورات کی واپسی کا یکساں فارمولا طے کرلیاہے ۔ صارفین کی جانب سے سونے کے زیورات کی فروخت پر جیولرز 14 ہزار فی تولہ کٹوتی کریں گے۔
اس کے علاوہ صارفین کی جانب سے سونے کے زیورات کی فروخت پر سٹونز کی قیمت الگ منہا کی جائے گی۔جیولرز کا کہنا ہے کہ سونے کے زیورات کی واپسی کایکساں فارمولا طے کرنے کا مقصد گاہکوں کو دھوکہ بازوں کے ہاتھوں لٹنے سے بچاناہے۔