( قذافی بٹ ) مسلم لیگ (ن) نے فوری مڈٹرم انتخابات کا مطالبہ کردیا، مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں، اے پی سی میں دیگر اپوزیشن جماعتوں کو اس معاملے پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔
ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک پر ایک ایسے ٹولے کو مسلط کیا گیا ہے جس نے عوام سے جھوٹ بولا، غلط دعوے کئے اور اب ایک ایک چیز غلط ثابت ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا تکبر اور نفرت کے ساتھ ملک پر حکمرانی کی جارہی ہے، انتقام کی تسکین کے لئے سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کو دفن کردیا، پوری دنیا میں ملک کو شرمندگی ہوئی۔
انہوں نے کہا چینی کمیشن رپورٹ پبلک کرنا کوئی کارنامہ نہیں بلکہ یہ انکوائری کمیشن ایکٹ کے تحت حکومت پر لازم تھا، چینی مارکیٹ میں 90 روپے کلو ہوگئی ہے، آٹے کا تھیلا 1170 میں بک رہا ہے، پٹرول کا ریٹ بڑھا کر اربوں روپے کمالئے گئے، چینی، آٹا اور پٹرول مافیا حکومت کے اندر بیٹھے ہیں، ہم انتظار میں ہیں کہ کب حکومت چینی 53 روپے کلو میں عوام کو فراہم کرتی ہے؟
رانا ثناءاللہ نے کہا مسلم لیگ (ن) سمجھتی ہے کہ ان تمام مسائل کا حل آزادانہ اور منصفانہ انتخابات میں ہے جس میں ایمپائر الیکشن کمیشن ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا ووٹ بنک بڑھا ہے، ن لیگ کے مینڈیٹ سے دغا کرنے والے حلقوں میں رسوا ہوں گے۔