عید قربان کی آمد، مویشی منڈیوں میں نوسرباز سرگرم ہوگئے

17 Jul, 2020 | 05:40 PM

Arslan Sheikh

( عرفان ملک، فہد علی، راؤ دلشاد حسین ) عید الاضحی کی آمد آمد، مویشی منڈیاں سجنے کے ساتھ ہی ڈاکو چور اور دھوکہ باز بھی سرگرم ہو گئے، ادھر بیوپاریوں کو خریداروں کا انتظار جبکہ منڈیوں میں تاحال انتظامات بھی مکمل نہ ہوسکے۔

تفصیلات کے مطابق جہاں ملک بھر سے بیوپاری اپنے مویشی بیچ کر سارے سال کی جمع پونجھی اکٹھا کرنے آتے ہیں وہیں کچھ دھوکہ باز ان کی اس امید پر پانی پھیر جاتے ہیں۔ بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ کسی کو جعلی نوٹ دیئے جاتے ہیں تو کسی کو کم نوٹ تھما دیئے جاتے ہیں اور ایسی وارداتیں زیادہ تر رات کے اوقات میں ہوتی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ مویشی منڈیوں میں آنے والے گاہک اور بیوپاری خود اچھی اپنی آنکھیں اور کان کھلے رکھیں تو دھوکہ بازوں سے بچا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب شہر بھر میں مویشی منڈیوں کو فعال کیے چار روز ہوگئے ہیں مگر کاہنہ، رائیونڈ روڈ اور شاہ پور کانجراں میں لگائی جانے والی مویشی منڈی میں سناٹا چھایا رہا۔ دور دراز سے آنے والے بیوپاری کہتے ہیں کہ وہ اپنے جانوروں کے ساتھ بیٹھے خریداروں کے منتظر ہیں مگر منڈی میں خریدار نہ ہونے کے برابر ہیں۔

بیوپاری شکوہ کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں انکا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے منڈیوں میں تاحال انتظامات مکمل نہیں کیے جا سکے، جس کی وجہ سے انہیں مشکلات درپیش ہیں۔ بیوپاریوں کا مطالبہ ہے کہ منڈیوں میں مکمل انتظامات اور منڈیوں سے متعلق مین سڑکوں پر فلیکسز اور بورڈ آویزاں کیے جائیں تاکہ شہریوں کو منڈی سے متعلق آگاہی ہو۔

ادھر کمشنر لاہور وایڈمنسٹریٹر آصف بلال لودھی کی ہدایت پر غیر قانونی منڈیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا، جس پر میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملے اور پولیس کو بیوپاریوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، تاہم شاہ پور کانجراں پولیس کی مدد سے چالیس غیر قانونی منڈیوں کا صفایا کردیا گیا۔

ایم او ریگولیشن زبیر وٹو کے مطابق دوران آپریشن بیوپاریوں نے سمن آباد زون کی گاڑی کے شیشے توڑ دیئے اور اہلکار کو زخمی کردیا۔ اس دوران پچیس عارضی جھگیاں واگزار کرا دی گئیں اور سامان ضبط کر لیا گیا۔ کار سرکار میں مداخلت پر متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر کا اندراج کرادیا اور 20 سے زائد چھوٹے بڑے جانور تحویل میں لے لیے گئے۔  

مزیدخبریں