سٹی 42:پاکستان کی معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی کے کشمیر یوں سے اظہارِ یکجہتی پر مبنی گانے کو یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا ہے۔انھوں نے یہ گانا ترک گلوکارترگے ایورن کے ساتھ مل کر گایا تھا۔اس گانے کومقبوضہ جمعوں و کشمیر میں ہر سال 13 جولائی کو یوم شہدا کے نام سے منائے جانے والے دن اور 15 جولائی 2016 کو ترکی میں حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کی مناسبت سے ریلیز کیاتھا۔
حدیقہ کیانی نے اس گانے کی ریلیز کے بعد انسٹاگرام پر ایک سٹوری پوسٹ کی جس میں کہا گیا ہے کہ کشمیر کو ہمارا خراج تحسین یوٹیوب سے کچھ گھنٹے پہلے ہٹا دیا گیا۔ حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ یہ آواز دبانے کی باضابطہ کوشش ہو رہی ہے مگر ہم خاموش نہیں ہوں گے، ہمارا پیغام محبت اور امن کا ہے۔
صدر پاکستان عارف علوی نے اس گانے کے ترک گائیک تورگے ایورن کی جانب سے گانے کی وڈیو والی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا اور اپنے اکائونٹ سے اس گانے کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ کشمیر کی مظلوم عوام کی جدوجہد کے اعتراف کے لیے ایک عمدہ گانا۔صدر علوی کا کہنا تھا انشاءاللہ جیسا کہ گایا گیا ’ابدی بہار‘ کا خواب سچ ثابت ہوگا۔ یقینی طور پر یہ گانا خوش آئند کوشش ہے۔ ظالمانہ، فسطایت پسند، قتل و غارت گری اور ریپ کرنے والے انڈیا کا ظلم ختم ہوگا اور کشمیر آزاد ہوگا۔ٹوئٹر پر حدیقہ کیانی نے صدر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
حدیقہ کیانی کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنے ترک ساتھی گلوکار علی تولگا اور تورگے ایورن کا شکریہ ادا کرتی ہوں جو اس خراج تحسین میں میرے ساتھ شامل ہوئے۔ مگر ہم صرف ایک گانے پر نہیں رک سکتے ہمیں کشیریوں کی آواز پہچانی ہوگی۔اننہوں نے کہا کہ میں کشمیری گلوکاروں کے ساتھ بھی گانا چاہتی ہوں اور امید کرتی ہوں کہ مظلوموں کے لیے آواز اُٹھانے کے بعد عالمی رہنما اس کوشش میں ہماری مدد کریں گے کیونکہ ہمارا مطالبہ انصاف، امن اور محبت کا ہے۔