ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کے اختیارات کا تعین ہوگیا

17 Jul, 2020 | 01:16 PM

Sughra Afzal

بینک روڈ (علی ساہی) ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کے اختیارات واضح کر دیئے گئے، ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور کی پولیس کے تمام انتظامی، مالی امور، آپریشنز انسپکشن، ویلفیئر سمیت انویسٹی گیشن کے اختیارات کا سٹینڈنگ آرڈر آئی جی پنجاب نے جاری کر دیا۔

آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے حکومت کی جانب سے جنوبی پنجاب کے لیے تعینات ہونے والے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب انعام غنی کے اختیارات کے حوالے سے اعلیٰ افسران پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

 سٹینڈنگ آرڈر کے مطابق بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان ریجن کی تمام ذمہ داریاں ایڈیشنل آئی جی کے سپرد ہوں گی، انعام غنی امن وعامہ، کرائم کنٹرول، آپریشنز سمیت دیگرسکیورٹی امور بھی دیکھیں گے، ڈی پی اوز اور آر پی اوز کی کارکردگی کی مانیٹرنگ بھی ایڈیشنل آئی جی کریں گے، آر پی اوز، ڈی پی اوز، سی پی اوز دفاتر کی انسپکشن کا اختیار دے دیا گیا ہے، تینوں ریجنز میں شکایات اور فورس کے ویلفئیر کے معاملات بھی حل کریں گے، ترقیاتی سکیموں اورمختلف منصوبہ جات کی پلاننگ کی مانیٹرنگ کریں گے اورنئے منصوبہ جات کی اجازت دیں گے، کیسز کی تفتیش اور انویسٹی گیشن کی تبدیلی کے  اختیارات دے دیئے گئے ہیں۔

آئی جی پنجاب کے جاری کردہ سٹینڈنگ آرڈر کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کے  پاس سی ٹی ڈی سمیت دیگراداروں کیساتھ تعاون کا اختیار ہوگا، گریڈ 16 تک کے ملازمین کیخلاف ڈسپلنری کارروائی کا بھی اختیار ہوگا، کانسٹیبلز سے انسپکٹرز تک کی اپیلوں کی شنوائی بھی کرسکیں گے،  آئی جیز، ڈی آئی جیز، آر پی اوز کی ایسی آرز پر بھی دستخط کا اختیار ہوگا، تینوں ریجنز کے تمام مالی معاملات ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کے ہوں گے۔

مزیدخبریں