(جنیدریاض)سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اساتذہ کا آن لائن پروفائل مرتب کرے گا، پروفائل آن لائن ہونے کے بعد اساتذہ کو سروس بک رکھنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی ۔
تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب بھر کے چھ لاکھ اساتذہ کا آن لائن پروفائل مرتب کرے گا۔اساتذہ کا پروفائل آن لائن ہونے کے بعد سروس بک کو ختم کردیا جائے گا۔ای پروفائل ہیومن ریسوس مینجمنٹ سسٹم پر مرتب کیا جائے گا۔ای پروفائل پر اساتذہ کی تصاویر اور دستاویزات کو سکین کرکے اون لائن کردیا جائے گا۔
ای پروفائل کے لئے سکولوں کو ڈیسک ٹاپ، سکینر، پرنٹر ، یوپی ایس اور کرسی میز فراہم کیا جائے گا۔پہلے مرحلے میں گیارہ ڈسٹرکٹ کو سامان فراہم کیا جائے گا۔مذکورہ ڈسٹرکٹ سترہ ،بیس اور اکیس جولائی کو پی آئی ٹی بی سے سامان حاصل کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ سکول انفارمیشن سسٹم پر اساتذہ کا ڈیٹا درست کرنا اتھارٹیز کیلئے بڑا چیلنج بنا ہوا ہے، محکمہ تعلیم کی جانب سےمتعدد ڈیڈ لائن دینے کے باوجود ویب سائٹ پر اساتذہ کا ڈیٹا درست نہ ہوسکا۔تبادلوں سے پابندی اٹھانے سے قبل ویب سائٹ پر پنجاب کے 30 ہزار اساتذہ کا ڈیٹا درست کرنے کی ضرورت ہے۔
لاہور کے 205 اساتذہ، 8 سکول سربراہان اور 89 ریٹائرڈ اساتذہ کا ڈیٹا غلط تھا،سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اساتذہ کے ڈیٹا کی درستگی کیلئے اتھارٹیز کو ایک بار پھر ہدایات جاری کی۔سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ہدایت کی گئی تھی کہ 5 جون تک ڈیٹا درست نہ ہوا تو متعلقہ اتھارٹیز کےخلاف کاروائی کی جائے گی۔
سکول انفارمیشن سسٹم پر لاہور کے سرکاری سکولوں کے 3650 اساتذہ کے کوائف میں غلطی سامنے آئی ، محکمہ تعلیم نے کوائف کی درستگی کے لئے غیرتصدیق شدہ اساتذہ کی فہرست جاری کی،سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ اساتذہ کا پروفائل درست نہ کیا گیا تو تنخواہیں روک دی جائیں گی۔
سکول سربراہان اپنے اپنے سکولوں کے اساتذہ کے کوائف درست کریں، کوائف درست نہ ہونے کی صورت میں سکول سربراہان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔