حکومت اور علماء میں محرم کے جلوسوں، مجالس کیلئے ایس او پیز پر اتفاق

17 Jul, 2020 | 11:07 AM

Sughra Afzal

مال روڈ(عرفان ملک) کورونا وبا کے پیش نظر حکومت اور علماء میں محرم الحرام کے جلوسوں، مجالس کیلئے ایس او پیز پر اتفاق ہوگیا۔

 ایس او پیز کی تیاری کیلئے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے علماء نے ملاقات کی، اعلامیے کے مطابق مجالس میں فاصلے کا خیال رکھا جائے، امام بارگاہ میں لوگوں کے بیٹھنے کیلئے نشان لگائے جائیں، ہر شخص ماسک پہن کر آئے، ماسک کے بغیر کسی کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی،امام بارگاہ کی انتظامیہ داخلی راستوں کے باہرماسک فراہم کرسکتی ہے، قالین کے استعمال سے اجتناب کیا جائے، امام بارگاہ سے باہرجراثیم سے پاک چٹائیاں بچھائی جاسکتی ہیں، اگر قالین ہو تو روزانہ ان پر کلورین کا سپرے کیا جائے، گھروں میں مجالس کے انعقاد کی صورت میں بھی ایس او پیز کا خیال رکھا جائے، کورونا کی وجہ سے طویل مجالس کے انعقاد سے اجتناب کیا جائے۔

اعلامیہ کے مطابق مجالس کو مقررہ وقت پر ہی شروع اور ختم کیا جائے، عمر رسیدہ افراد کو عمومی مجالس میں شرکت سے روکا جائے اور انہیں صرف گھروں کی مجالس تک محدود رکھا جائے، مجالس کے شرکاء تسبیح، جائے نماز، سجدہ گاہ وغیرہ اپنے ہمراہ نہ لائیں، مصافحہ، معانقہ وغیرہ سے احتراز کیا جائے گا، تبرک اور نیاز کے دسترخوان کی بجائے پارسل کا اہتمام کیا جائے، رضاکار علم، تعزیہ اور شبیہ کو چھونے سے احترازکریں۔ دور سے زیارت پر اکتفا کریں، عزاداری کے منتظمین مقامی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں اور ایک دوسرے سے تعاون کریں۔

صدر مملکت نے علماء کرام سے بھرپور تعاون پران کا شکریہ ادا کیا اورمتعلقہ ایس او پیز پر متفق ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

 اجلاس میں وزیرداخلہ اعجازاحمد شاہ، وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری، صوبائی گورنرز، علامہ افضل حسین حیدری، علامہ حسین اکبر، صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان، علامہ عارف واحدی، راجہ ناصرعباس، ڈاکٹر غضنفرمہدی، علامہ قمرحیدر زیدی، راجہ بشارت امامی اورعلامہ سجاد حسین نقوی نے شرکت کی

مزیدخبریں