سٹی 42 : پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اوکاڑہ ڈویژن میں سٹوڈنٹس کو چیک دے کر سی ایم ہونہار سکالرشپ لانچ کر دی، مریم نواز نے اوکاڑہ میں میڈیکل کالج، گرلز ہاسٹل اور انڈر پاس بنانے کااعلان کردیا ۔
یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں ہونہار سکالر شپ کی آٹھویں تقریب منعقد کی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی یونیورسٹی آف اوکاڑہ آمد پر سٹوڈنٹس کا جوش وخروش عروج پر تھا، جنہوں نے نشستوں پر کھڑے ہوکر موبائل کی ٹارچ روشن کرکے مریم نواز کا استقبال کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اوکاڑہ ڈویژن میں ”سی ایم ہونہار سکالرشپ“لانچ کر دی۔ مریم نواز نے طلبہ کو چیک دے کراوکاڑہ میں ہونہار سکالر شپ سکیم کا آغاز کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ساہیوال ڈویژن کے 1438طلبہ کو 7کروڑ29 لاکھ سے زائد ہونہار سکالر شپ دیئے جائیں گے۔ساہیوال یونیورسٹی کے294 طلبہ کے لئے ایک کروڑ 25لاکھ سے زائد کے سکالر شپ اوریونیورسٹی آف اوکاڑہ کے110طلبہ کو 42لاکھ 31ہزار کے سکالر شپ دیئے جائیں گے۔یونیورسٹی آف ویٹرنری اینیمل سائنسز کے 486 طلبہ کے لئے 4 کروڑ 16لاکھ سے زائد کے سکالر شپ اورساہیوال ڈویژن سرکاری کالجز میں 487طلبہ کو ایک کروڑ16 لاکھ سے زائد سکالر شپ دیئے جائیں گے۔ساہیوال میڈیکل کالج کے 61 طلبہ کو 29 لاکھ 29 ہزار روپے سکالرشپ ملیں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سٹوڈنٹس کیلئے نئے لیپ ٹاپ کی رونمائی کی، سٹوڈنٹس نے لیپ ٹاپ سکیم کے تحت کور آئی سیون 13 جنریشن دیکھ کر پرجوش نعرے لگائے۔
سٹوڈنٹس کے اعزاز میں گارڈ آف آنر
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ہونہار سکالرشپ حاصل کرنے والے سٹوڈنٹس کے اعزاز میں گارڈ آف آنرپیش کیا۔پولیس کے چاق وچوبند دستے نے طلبہ کو جنرل سلامی پیش کی۔پاکپتن کے محمد فیصل اور نمرہ عزیز نے ہونہار سکالرشپ کے سفر کی داستان سنائی۔ وزیر اعلی مریم نواز نے نشستوں پر جاکر ساہیوال کی ارکان اسمبلی سے ملاقات کی۔
وزیر اعلیٰ نے تلاوت قرآن مجید اور نعت رسولؐ مقبول کی سعادت حاصل کرنے والے طلبہ کا نشست سے اٹھ کر استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے طالبات کے درمیان، بچیوں سے بات چیت کی اور سپیشل بچیوں کو اپنے پاس نشست دی۔
تقریب کی اختتامی لمحات میں سٹوڈنٹس وزیر اعلیٰ مریم نواز کے گرد جمع ہوگئے، انہوں نے مریم نواز کے ساتھ سیلفیاں بنائیں جبکہ ایک سٹوڈنٹ نے محمد نواز شریف اور محترمہ کلثوم نوازکا پورٹریٹ پیش کیا ۔ اس کے علاوہ دیگر سٹوڈنٹس اور ننھے بچوں نے وزیر اعلی مریم نواز شریف کو تصاویر پیش کیں۔
اوکاڑہ میں میڈیکل کالج، گرلز ہاسٹل اور انڈر پاس بنانے کااعلان
یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں ہونہار سکالرشپ کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اوکاڑہ میں میڈیکل کالج، گرلز ہاسٹل اور انڈر پاس بنانے کااعلان کردیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے طلبہ کے لئے خریدے گئے کور آئی سیون لیپ ٹاپ کی نمائش بھی کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں اپنے خطاب کے دوران بچوں کو مبارکباد دی، ساتھ ہی یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے پراجیکٹس کو اپنی نگرانی میں مکمل کرانے کا اور طلبہ کے لئے جلد لیپ ٹاپ لیکر آنے کا اعلان کیا ۔
مریم نواز نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے سکالر شپ کا نام خود ہونہار سکالرشپ رکھا، اوکاڑہ خوبصورت شہر ہے، نوازشریف اور میرے دل کے بہت قریب ہے، اوکاڑہ میں ہونہار سٹوڈنٹس کو دیکھ کرہونے والی خوشی الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی، بچوں سے دل کی باتیں کرنے آئی ہوں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر رانا سکندر حیات نے بچوں کے دل میں جگہ بنالی ہے، بچوں کو سکالر شپ دینے خود آئی ہوں نہ آتی تو ملنے سے محروم رہ جاتی، جنوری کا مہینہ دفتر نہیں بیٹھی بلکہ بچوں سے ملنے شہر شہر گئی، بچے کہتے ہیں کہ سنا تھا کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے، مریم نواز کی صورت مجسم ماں کو دیکھا، اپنے بچوں سے زیادہ اپنے سٹوڈنٹس کے لئے سوچتی اورکام کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ سے رشتہ میری زندگی کا قیمتی سرمایہ ہے، 10سے 11ماہ میں بچوں سے ملنے والا پیار بہت بڑا اثاثہ ہے، جو بچے لیپ ٹاپ خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے انہیں لیپ ٹاپ دینا ہماری ذمہ داری ہے، خود آکر بچوں کو لیپ ٹاپ دوں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ بچوں کو کالج آمدورفت کے لئے ایک لاکھ ای بائیکس بھی دیں گے، سب کے مالی وسائل یکساں نہیں ہوتے،کمی ہوسکتی ہے لیکن اب سکالر شپ دیکر بوجھ اٹھائیں گے، والدین بچوں کی تعلیم کی فکر نہ کریں، اب ریاست خرچ اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرسی پر بیٹھے لوگوں کا عوام سے براہ راست رابطہ ہوناچاہیے۔میرٹ پر ہونہار طالبعلموں کو بلا تفریق سکالر شپ مل رہے ہیں، بچوں کو ہونہار سکالر شپ دیکر اللہ تعالیٰ کے سامنے سرخرو ہوں، ہونہار سکالر شپ خوابوں کی تعبیر کا آغاز ہے، اب کم آمد ن رکھنے والے بچے بھی لمز، نسٹ اورفار سٹ میں جا سکتے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ طلبہ اپنی 100فیصد توجہ اپنے کیرئیر بنانے میں مرکوز کریں، طلبہ محنت کریں میں ان کے خواب پورے کرنے کے لئے وسائل مہیا کروں گی، ہونہار سکالر شپ احسان نہیں محنت کا صلہ اور قابلیت کا اعتراف ہے۔
انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کی وجہ سے بچوں کا تعلیم سے محروم ہونا بہت بڑا نقصان ہے، شہر شہر جاکر ازالہ کرنا چاہتی ہوں، سیکنڈ اورتھرڈ ایئر کے طلبہ کو بھی ہونہارسکالر شپ ملے گا، اگلے سال 50ہزار طلبہ کو ہونہار سکالر شپ دیں گے، پنجاب میں کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے، طلبہ میرے بازو، میری طاقت، ہمت اور حوصلہ بنیں، عوام کی خدمت اور صوبے کی ترقی کے لئے طلبہ کو سٹیک ہولڈر بنانا چاہتی ہوں، طلبہ کا جذبہ میرا حوصلہ اور میری امید ہے، ہمارے طلبہ محنتی ہیں اور عقل و دانش بھی رکھتے ہیں، ملک کے مستقبل کے معمار بھی ہیں، سب کو دھرتی ماں کے ساتھ وفا داری نبھانا ہوگی۔نوازشریف نے کہا کہ بچوں نے تمہیں بہت پیار دیا، ان کے لئے جتنا بھی کام کرو کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کون ہیں جوہم میں ہی رہ کر ہمارے گھر جلارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ماں کی طرح ہر بچے کو اپنی ذمہ داری محسوس کرتی ہوں۔ ملک کو نفرت نہیں اتحاد،انتشار نہیں امن اور فساد نہیں ترقی چاہیے، سپین جاتے ہوئے کشتی الٹنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا، جہاں جائیں ملک کی عزت کا خیال کریں۔انہوں نے کہا کہ کچھ بھی ہوجائے ماں، بہن اور بیٹی کے احترام میں فرق نہیں آنا چاہیے۔بچوں کے ہاتھ میں کیل والے ڈنڈنے نہیں لیپ ٹاپ دیں گے۔پٹرول بم چلانے والے اب جیل میں ہیں۔والدین نے محنت کرکے پرورش کی،اپنی زندگی کی حفاظت نوجوانوں کا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ جتنے فرض ماں باپ کی طرف ہوتے ہیں اتنے ہی فرض دھرتی ماں کے بھی پورے کرنے چاہیں۔سرحدوں پر لڑنے والوں کی وردیاں جلانا اور کھوپڑی توڑنے کا کہنے والا دوست نہیں۔
انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر جو دیکھو، آنکھیں بندکرکے یقین نہ کرو، عقل و شعور سے پرکھ لو۔تاریخی اور میگا پراجیکٹ کے باوجود ہمیں چور چور کہا گیا۔انہوں نے کہا کہ چور چور کہا لیکن ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی صرف اقامہ پر نکال دیا۔میرے اوپر بھی الزام لگایا سب طاقتور ملکر چور ثابت کرنے پر تل گئے لیکن ناکام رہے۔تاریخ کا پہلا وزیر اعظم ہے جو چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔یہ پہلا پرائم منسٹر ہوگا جو رشوت لینے پر نکالا گیا۔انہوں نے کہا کہ چوری کی صفائی کے لئے جواب نہیں تھا اس لیے عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔سزا کا فیصلہ سنتے ہی سٹاک مارکیٹ 100پوائنٹ اوپر گئی۔فتنہ نیچے جاتا ہے تو قوم اوپر جاتی ہے۔ہم نے 150پیشائیاں بھگتی، جھوٹے الزامات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔اڈیالہ جیل میں میرے سیل میں کیمرے لگا کر دیکھا جاتا تھا۔ہم جیل میں تھے تو گھر والوں سے نہیں مل سکتے تھے، 24گھنٹے میں ایک بار کھانا ملتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تندور کی طرح تپنے والے جیل کے سیل میں قید کاٹی،لیکن جلاؤ گھیراؤ کا نہیں کہا۔آج اسے جیل میں سہولت مل جائے،زیادہ ملتی ہے مل جائے،مجھے کوئی اثر نہیں پڑتا۔ مریم نواز نے کہا کہ القادر یونیوسٹی کے بچے بچیوں کو بھی لیپ ٹاپ،سکالر شپ اور ای بائیکس دیں گے۔طلبہ کو 100فیصد میرٹ پر سکالر شپ دیئے اب 100 میرٹ پر قوم کی تقدیر کے فیصلے کریں۔غریب کی سواری میٹرو کو جنگلہ بس بنا دیا،لینڈ کروزر اور مرسڈیز کوکچھ نہیں کہا۔
مریم نواز نے کاہ کہ خدمت کی سیاست کو مذاق بنا دیا گیا، حالانکہ سیاست خدمت اور عبادت کا نام ہے۔پنجاب میں ہزاروں گھر بن رہے ہیں اور 30 ہزار بچوں کو مفت پڑھا رہے ہیں۔انتقام، گالم گلوچ اور جلاؤ گھیراؤ کے سیاسی بیانیہ کو ترقی کا بیانیہ بنانا نوجوانوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلفاً کہہ سکتی ہوں کہ کسی منسٹر، سیکرٹری، ڈی سی کی تعیناتی سفارش پر نہیں، ہمیشہ میرٹ پر تقرری کی، اب ارکان اسمبلی بھی کسی سفارش کے لئے میرے پاس نہیں آتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدتمیزی، فتنہ فساد کے کلچر کو برادشت کی سیاست میں لانا ہے، منفی بیانیہ کو عوام کی زندگی میں بہتری کے بیانیہ پر لانا ہے، سبزہلالی پر چم نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، وعدہ کریں اسے گرنے نہیں دیں، نوجوان وطن سے پیار کرنے اور کبھی غداری نہ کرنے کا عہد کرے۔