سپارکو کا پہلا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ آج خلا میں روانہ ہوگا

17 Jan, 2025 | 10:13 AM

اقصی شاہد: پاکستان کی اسپیس اینڈ اپسٹریٹ ریسرچ آرگنائزیشن (سپارکو) نے اپنا پہلا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ (ای او-1) آج خلا میں روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ سیٹلائٹ چین کے جی چھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا جائے گا۔

سپارکو کے مطابق اس سیٹلائٹ کو خلا میں بھیجے جانے کے مناظر پاکستانی عوام کو براہ راست دکھائے جائیں گے تاکہ عوام اس تاریخی لمحے کا حصہ بن سکیں۔

ای او-1 سیٹلائٹ پاکستان میں مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے اور یہ ملک کی قدرتی وسائل کی نگرانی، ان کی بہتر دیکھ بھال اور قدرتی آفات کی پیش گوئی میں مدد فراہم کرے گا۔ یہ جدید سیٹلائٹ پاکستان کی خلائی ٹیکنالوجی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستانی خلائی پروگرام کے لیے یہ ایک اہم قدم ہے، جو نہ صرف ملک کی سائنسی ترقی کو فروغ دے گا بلکہ قدرتی وسائل کی بہتر منصوبہ بندی اور قدرتی آفات کے اثرات کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
 
 
 

مزیدخبریں