ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

موسم سے متعلق اہم پیش گوئی

موسم سے متعلق اہم پیش گوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک اور پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ  مغربی بلوچستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پرہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔

 لاہور میں ہلکی دھند اور سردی کا سلسلہ برقرار جبکہ فضائی آلودگی میں اضافہ ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر کا موجودہ درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی وجہ سے سردی کا احساس مزید بڑھ گیا ہے۔

فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویش ناک ہے۔ لاہور میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 161 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی وجہ سے لاہور آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔پاور زون ہیڈ آفس میں آلودگی کی شرح 278، عسکری ٹین میں 267، امریکی قونصلیٹ میں 259 اور ڈی ایچ اے میں 242 ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 194 جبکہ فدا حسین روڈ پر 179 ریکارڈ کی گئی۔

ماحولیاتی ماہرین نے شہریوں کو صحت کے مسائل سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
 دوسری جانب  اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، چاغی، نوکنڈی، دالبندین، کوئٹہ، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں بارش ہونے کا امکان ہے۔لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال،گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، جہلم، گجرات، میانوالی، رحیم یار خان اور خان پورمیں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

بہاولنگر، بہاولپور، پاکپتن، خانیوال، وہاڑی اور فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور گرد و نواح میں بھی دھند رہنے کا امکان ہے، مری، گلیات اورگرد و نواح میں مطلع ابر آلود رہے گا۔سکھر، بینظیر آباد، شکار پور، کشمور، دادو، لاڑکانہ، خیر پور، ٹنڈو جام اور گرد و نواح میں دھند رہنے کی توقع ہے۔ بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، نو شہرہ، مردان اور صوابی میں دھند رہنے کا امکان ہے۔گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آزادکشمیر میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔