ویب ڈیسک: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور نے ممبئی میں اپنے شوہر اداکار سیف علی خان پر گھر میں چوری کی واردات کے دوران چاقو سے ہونے والے حملے پر خاموشی توڑ دی۔
اپنے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر جمعرات کو پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے ایک چیلنجنگ دن ہے، مسلسل اسکروٹنی زیادہ ہوگئی ہے جو کہ ہمارے خاندان کے لیے ایک خطرہ بن رہی ہے۔
کرینہ کپور نے میڈیا اور پاپارازیز سے درخواست کی کہ وہ مسلسل قیاس آرائیوں اور کوریج سے گریز کریں۔ تاہم اس کے باوجود ہم اس مشکل وقت میں آپ کے احساس اور تعاون پر شکر گزار ہیں۔
اداکارہ کا مزید کہنا ہے کہ برائے مہربانی ہماری حدود کا احترام کیا جائے اور ہمیں اسپیس دیا جائے۔
یاد رہے کہ بالی وڈ اداکار سیف علی خان پر حملہ کرنے والے ملزم کی شناخت کرلی گئی ہے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے عمارت میں داخل ہونے کے لیے سیڑھی کا استعمال کیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔ملزم نے خان کے گھر میں داخل ہونے کے لیے عمارت میں لگی آگ کے ایمرجنسی راستے کی سیڑھیاں استعمال کیں اور اس کا مقصد گھر میں چوری کرنا تھا۔
سیف علی خان کے مداخلت کی کوشش کرنے پر اس شخص نے ان پر حملہ کر دیا۔سیف علی خان پر چاقو کے چھ وار کیے گئے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اداکار کو گہرے زخم آئے ہیں، جن میں سے ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب اور دوسرا بائیں ہاتھ کی کلائی پر تھا، جس کی وجہ سے اداکار کی سرجری کی گئی۔ تاہم اب اداکار کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔