فاران یامین: لاہور کے تھانہ نواب ٹاؤن میں معروف گلوکار جواد احمد سمیت ان کے 4 نامعلوم ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ ایس ڈی او محمد اصغر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لیسکو کی ٹیم نے روٹین چیکنگ کے دوران جواد احمد کی اہلیہ مہرین کے بیوٹی پارلر پرچھاپہ مارا توصارف نےمیٹر کا فیز ڈیڈ کیا ہوا تھا۔ جواد احمد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کالے رنگ کے ڈالے پرموقع پر پہنچے،مزاحمت کے دوران لیسکو ملازمین سے زبردستی میٹربھی چھین لیاگیا۔ جواد احمد نے شاہد خان کے ہاتھوں سے میٹر چھین کر اپنے ساتھی عدیل کے حوالے کر دیا، جس پر عدیل میٹر لے کر پارلر کے اندر جا کر غائب ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق میٹر کی ٹیمپرنگ سے محکمہ لیسکو کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا اور سرکاری کام میں مداخلت کی گئی۔ اس دوران لیسکو کے 2 ملازمین زخمی بھی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔
پولیس نے لیسکو حکام کی مدعیت میں مقدمہ بجلی چوری سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق گلوکار جواد احمد نے لیسکو ملازمین پر گاڑی چڑھانے کی بھی کوشش کی۔