پہاڑی علاقے برفباری اور میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے، محکمہ موسمیات

17 Jan, 2024 | 09:02 PM

روزینہ علی : آج رات کے موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر میدانی  علاقوں میں موسم سرد اور خشک  جبکہ  شمالی علاقوں  میں   شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے  کا امکان ہے، تاہم پنجاب  ، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں  اور بالائی سندھ میں شدید دھند اور سموگ چھائے رہے گی۔ 
جمعرات  کے روز موسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں بعض مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔  چارسدہ ، مردان، نوشہرہ ، صوابی ، پشاور، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ 
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک  جبکہ مری، گلیات  اور گر دو نواح میں موسم  شدید سرد  رہے گا،  بہا ولپور ،ساہیوال ، اوکاڑہ ، قصور، لاہور ، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، جہلم ،  منگلا، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال ، ملتان ، خان پور، رحیم یار خان ، حافظ آباد ، بھکر ،  لیہ، ڈیرہ غا زی خان اور گر دو نواح میں شدید دھند اور سموگ  چھائے رہے گی۔ جس کے  باعث صوبے کے بیشتر  اضلاع میں  دن کے  درجہ حرات معمول سے کم رہیں گے۔  خطہ پوٹھوہار  میں بعض مقا مات پر  صبح اور رات میں دھند پڑنےجبکہ صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے  کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک  جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا، جبکہ جنوبی اضلاع میں  مطلع جزوی ابر آلود  رہنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جیکب آباد، حیدرآباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ ، دادو، گھوٹکی، خیر پور ، کشمور اور پڈعیدن میں شدید دھند/سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔  کشمیر  اور گلگت بلتستان  میں  مطلع جزوی ابر آلود  رہنے کے علاوہ موسم شدید سرد رہے گا، تاہم کشمیر میں صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کی توقع ہے۔ 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چندروز  کے دوران پنجاب ، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقے شدید دھندکی لپیٹ میں رہیں گے۔ شدید دھند کے باعث پنجاب کے بیشتر   علاقوں میں  دن کے  درجہ حرارت معمول سے کم رہیں گے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔ 

مزیدخبریں