(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے ڈویلپمنٹ لیوی اور مارجن کی شرح میں اضافہ کر دیا۔
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کیلئے ڈویلپمنٹ لیوی اور مارجن کی شرح میں اضافہ کر دیا۔ لائٹ ڈیزل آئل پر لیوی 8.56 روپے سے بڑھا کر 30.45 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 32.50 روپے سے بڑھا کر 35 روپے، مٹی کے تیل پر 4 روپے 34 پیسے سے بڑھا کر6 روپے 22 پیسے ہو گئی۔
پیٹرول پر 50 روپے فی لٹر لیوی برقرار ہے تاہم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں ایک روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا۔ ایکسچینج ریٹ کی ایڈجسٹمنٹ بھی کی گئی۔
دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات اور گیس کی خریداری سے متعلق روسی وزیر توانائی کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفدآج پاکستان پہنچے گا۔روس اور پاکستان کے مابین پیٹرولیم مصنوعات اور گیس کی خریداری سے متعلق 18 سے 20 جنوری فیصلہ کن اجلاس وفاقی دارالحکومت میں ہو گا۔ روس سے آنے والے وفد میں توانائی، ریلوے، کمیونیکیشن، صنعت و تجارت کے افسران اور ماہرین شامل ہوں گے۔