ابوظہبی پر ڈرون حملے ، دھماکوں میں ایک پاکستانی دو بھارتی ہلاک، چھ زخمی 

17 Jan, 2022 | 05:00 PM

ویب ڈیسک: ابوظبی پر ڈرون حملے ، تین آئل ٹینکروں میں دھماکے کے باعث ایک پاکستانی اور دو  بھارتی شہری ہلاک ہوگئے ۔  یمن  کی حوثی  تحریک نے ڈرون حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ۔

 اماراتی نیوز ایجنسی ’وام‘ کے مطابق’دھماکے کے بعد لگنے والی آگ کے باعث 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال داخل کرادیاگیا جہاں ان کی حالت تسلی بخش بتائی جارہی ہے۔

 قبل ازیں ابوظبی پولیس نے کہا ہے کہ ادنوک تیل کمپنی کے قریب آگ لگ لگنے سے تین آئل ٹینکروں میں دھماکہ ہوا ہے جبکہ ابوظبی ایئرپورٹ میں زیر تعمیرعلاقے میں آتشزدگی ہوئی ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’ادنوک تیل کمپنی کے قریب مصفح آیکاد 3 کے علاقے میں جہاں قریب ہی ادنوک کے تیل ذخائر ہیں، وہاں آئل ٹینکروں میں دھماکے کے باعث آگ لگ گئی ہے۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں چھوٹے اجسام کی پروازیں ریکارڈ کی گئی ہیں ۔
یمن کی حوثی تحریک کے فوجی ترجمان کے مطابق اس عسکری گروہ نے ’متحدہ عرب امارات میں گہرائی تک‘ ایک فوجی آپریشن شروع کیا ہے اور آنے والے گھنٹوں میں اس کی تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا۔متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ اتحادی افواج نے حال ہی میں یمن میں حوثیوں کے خلاف لڑائی میں شمولیت اختیار کی ہے۔

مزیدخبریں