گلبرگ (درنایاب) ایل ڈی ا ے انجینئرنگ کی نااہلی ، لعل شہباز قلندر انڈرپاس کی نئی سروس لین بیٹھنا شروع ہوگئی۔ آئے روز سڑک پر بیٹھ جانیوالے حصے کے باعث موٹر سائیکلیں بے قابو ہوکر حادثات کا شکار ہونے لگیں ۔
ایک ماہ22دن گزر جانے کے باوجود الائیڈ ورکس فنشنگ کا کام بھی مکمل نہ ہوسکا ۔ سنٹر پوائنٹ سے ایم ایم عالم کی جانب جانیوالی سروس لین پر ناقص اسفالٹ ورک کیا گیا ہے۔ سروس لین مختلف جگہوں سے بیٹھنا شروع ہوگئی ہے۔ سفالٹ کارپٹنگ کی تہہ خراب ہونے سے موٹرسائیکلیں ڈگمگانا شروع ہوگئیں ہیں۔
منصوبے کے کیمپ آفس کے مقام پر گرین ایریا اور تکونی پارک بھی بحال نہ ہوسکا۔ وزیراعلیٰ نے 27نومبر 2020ء کو منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔ افتتاح کے بعد ایل ڈی اے نے منصوبے کے فنشنگ ورکس پر توجہ دینا چھوڑ دی ۔ انڈر پاس کی گرین بیلٹ پر لگائے گئے پھول بھی مرجھانا شروع ہوگئے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ آئے روز حادثات سے پریشانی ہوتی ہے۔ روز گرتے لوگوں کو اٹھا کر مرہم پٹی بھی کروائی جاتی ہے۔ شہری کا کہنا ہے کہ سپیڈ سے آنیوالی گاڑی اور موٹر سائیکلوں کو بیٹھا ہوا حصہ نظر نہیں آتا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پراجیکٹ حکام کو کہہ کہہ کر تھک گئے لیکن اثر نہیں ہوا۔