( راؤ دلشاد ) پھولوں کے شہر کی بیوٹیفیکیشن کیسے کی جائے؟ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران نے سرجوڑ لیے، شہر کی مرکزی کوریڈورز کے فٹ پاتھوں کی بحالی، درختوں کو پینٹ کرنے اور لٹکتی تاروں کے خاتمے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
اجلاس میں پی ایس او ٹو ایڈمنسٹریٹر میاں وحید زمان، چیف پبلک ریلیشن آفیسر امین اکبر چوپڑا، ایم او انفراسٹرکچر محمد انور جاوید، ایم او آر محمد زبیر وٹو، ریزیڈنٹ انجنیئر نیسپاک بریگیڈئر ریٹائرڈ محمد سعید، ایم او انفراسٹرکچر ٹو عامر بٹ، شہزاد اقبال قریشی، ملک ادریس، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ آصف نصیر، شہزاد اقبال قریشی، محمد نعمان، حارث جلیل، علی طاہر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن علی عباس بخاری نے ہنگامی اجلاس میں بیوٹیفیکیشن آف لاہور کے لیے افسران سے تجاویز طلب کیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مال روڈ اور علامہ اقبال روڈ کی تزئین وآرائش کے لیے ٹینڈرز دیا جا چکا ہے۔ مال روڈ اور علامہ اقبال روڈ پر کروسٹونز، لین مارکنگ اور درختوں کو پینٹ کیا جا رہا ہے۔
چیف کارپوریشن آفیسر ایم سی ایل سید علی عباس بخاری نے کہا کہ شہر کی بیوٹیفیکیشن کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے گا۔ شہری علاقوں میں سے مویشیوں کو نکالنے کے کام کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب کے ویژن کے مطابق کلین اینڈ گرین مہم کو تیز کیا جارہا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہنگامی بنیادوں پر مرکزی شاہراہوں اور فٹ پاتھوں کی بحالی، لائن و لین مارکنگ اور درختوں کو پینٹ کیا جائے گا۔