تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ، ایپکا ملازمین کا احتجاجی دھرنا

17 Jan, 2018 | 07:41 PM

 عثمان علیم:سول سیکرٹریٹ کے باہر ایپکا ملازمین کا احتجاجی دھرنا جاری۔ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق صدرایپکا پنجاب حاجی ارشاد کے احکامات اور حکومت کی جانب سے مسلسل وعدہ خلافیوں پر ایپکا ملازمین نے تمام محکمانہ کاموں کی تالی بندی اور قلم چھوڑ ہڑتال کی۔

 مطالبات کی منظوری کے لیے حاجی ارشاد کی قیادت میں لوکل گورنمنٹ کمپلکس سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو کے سول سیکرٹریٹ کے باہر دھرنے کی شکل اختیار کرگئی۔

ایپکا ملازمین کا کہنا ہے پنجاب حکومت کی جانب سے جب تک مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاتا احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔ دھرنے کے باعث سول سیکرٹریٹ کے اطراف میں ٹریفک جام رہی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ایپکا کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ دیگر صوبوں کی طرز پر تنخواہوں میں ساڑھے سات فیصد اضافہ کیا جائے۔ گروپ انشورنس کی رقم ریٹائرمنٹ کے وقت واپس کی جائے۔ کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کیا جائے۔ سیکرٹریٹ ملازمین کی طرح اٹیچ ڈیپارٹمنٹس کے ملازمین کو بھی یوٹیلیٹی الائونس اور ہائوس ریکوزیشن سمیت دیگر مراعات دی جائیں۔

مزیدخبریں