(جنید ریاض) پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے بچوں کو جنسی حراسگی اور تشدد سے بچانے کیلئے 24 نکاتی کتابچہ جاری کر دیا۔ کتابچے کا عنوان "پاکیزہ زندگی" رکھا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے قصور میں زینب کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد بچوں کو جنسی حراسگی، تشدد اور زیادتی سے بچانے کیلئے پاکیزہ زندگی کےعنوان سے کتابچہ جاری کر دیا، کتابچہ خصوصی طور پر والدین اور پرائمری سکولوں کے اساتذہ کیلئے تحریر کیا گیا ہے۔
ہدایات نامے میں بچوں کو اپنے خیالات کا والدین سے اظہار کرنے کے بارے رہنمائی فراہم کی گئی ہیں۔ والدین کو بچوں کی حرکات پر توجہ رکھنے کے حوالے سے بھی آگاہی دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کتابچہ شائع کیے جانے کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں 4 لاکھ کتابچے چھپوائے جارہے ہیں۔
رانا مشہود کا کہنا تھا کہ بچوں پر والدین کی توجہ دلانے کیلئے ہر ماہ اساتذہ سے والدین کی میٹنگ کو لازمی قرار دے دیا گیا۔
کتابچے میں والدین کو خصوصی طور پر ہدایات کی گئی ہیں کہ بچوں کو نقصان پہنچانے والے آدمی یا گروہ سے محفوظ رکھیں اور انہیں غیر ضروری طور پر موبائل یا انٹرنیٹ کا استعمال نہ کرنے دیا جائے، بچے کے رویئے یا نتائج میں کمی آئے تو اس پر خصوصی توجہ دیں تاکہ انہیں غلط کاموں میں ملوث ہونے سے روکا جاسکا۔