حکومت کیخلاف متحدہ اپوزیشن کا آج پاور شو، تیاریاں مکمل، سٹیج سج گیا

17 Jan, 2018 | 11:22 AM

(ناصر علی) حکومت کے خلاف متحدہ اپوزیشن کا پاور شور آج مال روڈ پر ہوگا، تحریک قصاص کے فائنل راونڈ کے لئے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں،  تیس ہزار کرسیاں لگ گئیں اور اسی فٹ لمبا سٹیج تیار کر لیا گیا، احتجاجی جلسہ آج دوپہر 12 بجے شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کیخلاف ڈاکٹر طاہرالقادری نے تمام جماعتوں کو ایک پیج پرجمع کر لیا ہے۔ طاہر القادری، عمران خان، آصف زرداری، چودھری برادران سمیت تمام اپوزیشن رہنما آج حکومت کیخلاف مال روڈ پر چیئرنگ کراس چوک میں جلسہ کریں گے، مال روڈ پر 30 ہزار سے زائد کرسیاں لگادی گئیں اور 80 فٹ لمبا اسٹیج بنا یا گیا ہے۔ جلسے کا مرکزی اسٹیج چیئرنگ کراس پر پنجاب اسمبلی کے سامنے ہو گا جس پر تمام جماعتوں کے سربراہوں کو بٹھایا جائے گا۔ مال روڈ کو جلسے کے پنڈال کی شکل دی جا رہی ہے۔ جلسہ گاہ میں سٹیج کے پیچھے ایک بڑی ایل ای ڈی لگائی گئی ہے۔ جلسہ گاہ میں روشنی کے انتظامات کے لئے 400 لائٹنگ پول لگا گئے ہیں۔ سائونڈ سسٹم کے لئے سینکڑوں سپیکرز اور جنریٹرز بھی لگائے جا رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام جماعتوں کی مرکزی قیادت کے لئے مرکزی اسٹیج کے سامنے 200 صوفے لگا گئے ہیں۔ سینئر قیادت کے عقب میں خواتین کا پنڈال اور آخر میں مرد کارکنوں کی جگہ ہو گی۔ جلسہ گاہ میں داخلے کے لئے 5 راستے بنائے جا رہے ہیں۔ خواتین کا داخلے کا راستہ شاہراہ فاطمہ جناح روڈ پر سی سی پی او آفس کی جانب سے ہو گا۔ مردوں کو جلسہ گاہ میں داخلے کے لئے اسٹیٹ بنک کی جانب سے آنا ہو گا۔ تمام جماعتوں کے سربراہ گورنر ہائوس سے سیدھا مرکزی سٹیج کے عقب سے داخل ہوں گے۔ تمام جماعتوں کی سینئر قیادت کے لئے ایجرٹن روڈ سے راستہ رکھا گیا ہے۔ میڈیا کا داخلہ کوپر روڈ کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے مرکزی دروازے سے ہو گا۔

ذرائع کے مطابق احتجاجی جلسہ آج دوپہر 12 بجے شروع ہوگا، ڈاکٹر طاہرالقادری اپنے بلٹ پروف کنٹینر میں کارکنوں کے ہمراہ جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ عمران خان اورآصف علی زرداری الگ الگ خطاب کر ینگے۔

دوسری جانب ضلعی حکومت کی جانب سے پاکستان عوامی تحریک کو مال روڈ پر جلسے کی اجازت نہیں ملی۔ ڈپٹی کمشنر نے عوامی تحریک کی جلسے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر سمیر احمد سید کے مطابق مال روڈ پر دفعہ 144 نافذ ہے اس لئے جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کے باعث مال روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر قائم تعلیمی ادارے اور تجارتی مراکز بند رہیں گے ،پنجاب حکومت نے صورتحال سے نمٹنے کیلئے رینجرز طلب کرلی۔

مزید جاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں

مزیدخبریں