سٹی42: جی ٹی روڈ پر راوی ریان یوٹرن پر کار اور ٹرک کے تصادم میں 6 افراد جاں بحق اور 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں ایک ہی فیملی کے تین بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔ دو دن میں جی ٹی روڈ پر یو ٹرن پر مڑنے والی گاڑیوں کو پیش آنے والا یہ دوسران جان لیوا حادثہ ہے۔
جی ٹی روڈ پر راوی ریان کیمیکل پلانٹ کے قریب واقع یو ٹرن پر ایک ٹرک یو ٹرن لینے کے بعد بے قابو ہو کر لاہور سے آنے والی کار سے ٹکرا گیا۔
حادثہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو کنٹرول نے فوراً ایمرجنسی گاڑیاں روانہ کیں۔ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں نے شدید زخمیوں کو فرسٹ ایڈ فراہم کرنے کے بعد ہسپتال شفٹ کیا اور جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
شدید زخمی ہونیوالوں میں تین خواتین نسیم 40سال ،شمیم 35سال اور خدیجہ 18سال شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں شہباز 22سال،ظہیر عباس 35سال،ارم شہزادی 35سال ،عبدالوہاب 10سال،ایان 8سال اور ایمان فاطمہ 6سال شامل ہیں۔