سابق چیئرمین پی سی بی کا ٹیسٹ میچز میں کھلاڑیوں کی فیس بڑھانے کا مطالبہ

17 Feb, 2024 | 11:39 AM

Ansa Awais

 ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین خالد محمود نے ٹیسٹ میچ میں کھلاڑیوں کی دلچسپی کیلئے فیس بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔

سابق چیئرمین پی بی سی خالد محمود نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی کرکٹرز کی ٹیسٹ میچ فیس میں اضافہ کیا جائے کیونکہ زیادہ میچ فیس نہ دی گئی تو کرکٹرز ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دیں گے اور  وہ ریٹائرمنٹ لینا شروع کر دیں گے۔

خالد محمود نے کہا کہ پیسوں کی وجہ سے لیگز  کرکٹ کی کشش بڑھتی جا رہی ہے، کروڑوں روپے ملتے ہیں، جب فاسٹ بولرز کو صرف چار اوور کرنا ہوں تو وہ کیوں ٹیسٹ میں جان مارے گا، ٹیسٹ میں وہ اسی وقت دلچسپی لے گا جب اس کو زیادہ پیسہ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کے لیے بچانا ہے تو بورڈ کو حکمت عملی بنانا ہو گی، بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں کی تنخواہیں زیادہ ہو سکتی ہیں تو کرکٹرز کو زیادہ پیسے کیوں نہیں دیے جا سکتے؟  پیسہ کرکٹرز کی وجہ سے آتا ہے تو پیسہ انہیں ہی ملنا چاہیے۔سابق چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ماضی میں محمد عامر اور  وہاب ریاض ریڈ بال کرکٹ چھوڑ چکے، حارث رؤف کو ٹیسٹ نہ کھیلنے پر سزا سنا دی گئی، کیا آپ ایسا کرنے سے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ چھوڑنے سے روک سکتے ہیں؟ سزائیں مت سنائیں کھلاڑیوں کی فیسیں بڑھائیں۔
 

مزیدخبریں