ویب ڈیسک: ویسٹ انڈیز کے مین بیٹر اور پی ایس ایل سیزن 8 میں لاہور قلندرز کے کھلاڑی شائے ہوپ فاسٹ بولر شاہین شاہ کی بولنگ کا سامنا نہ کرنے پر خوش ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کرکٹر شائے ہوپ کا کہنا تھا کہ شکر ہے اب شاہین کی بولنگ پر وکٹوں کے سامنے نہیں پیچھے ہوں، شاہین شاہ اور حارث رؤف جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے پر خوش ہوں، دونوں شاندار بولر ہیں اور ان کے ساتھ کھیل کر مزہ آرہا ہے۔
شائے ہوپ نے کہا کہ دنیا کے بہترین ٹی ٹوئنٹی پلیئرز سے سیکھنے کا موقع بھی ملےگا، کوشش ہے کہ میں خود کو پہلے سے بہتر کرکٹر بناؤں، لاہور قلندرز کا آغاز اچھا ہوا، پہلےمیچ میں فاتح ٹیم کا حصہ بننے پرخوش ہوں، جس سے بھی بات ہوئی اس نے پاکستان سپر لیگ کی تعریف کی ہے۔
کرکٹر نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنی لیگ کا معیار کافی بلند رکھا ہے، وقت آگیا ہےکہ ویسٹ انڈیز کےکرکٹرز ٹیم کی بہتری کیلئے ذمہ داری لیں کیونکہ ویسٹ انڈیز ٹیم کو پہلے کی طرح ایک مضبوط ٹیم بنانا ہے۔
انٹرویو کے آخر میں شائے ہوپ نے کہا کہ بطور کپتان کوشش ہوگی کہ ساتھیوں سے اپنا تجربہ شیئر کروں۔