ویب ڈیسک:اسلام آباد پولیس نے شہری علاقوں میں تیندوا گھر میں پالنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
گزشتہ روز 16 فروری بروز جمعرات اسلام آباد کے ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی (ڈی ایچ اے) فیز ٹو کے گھر میں تیندوا گھس آیا تھا جس سے رہائشی افراد خوف زدہ ہوگئے تھے، تاہم رات گئے وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اور کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ٹیم نے 6 گھنٹوں بعد اس پر قابو پالیا تھا۔
واقعہ کا مقدمہ آج بروز جمعہ 17 فروری کو اسلام آباد کے سہالہ پولیس اسٹیشن میں اہل کار کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔درج ایف آئی آر کے مطابق شہری علاقے میں خطرناک جانور رکھنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ ایف آئی آر کے مطابق تیندوا گلدار نسل کا ہے اور انتہائی خطرناک ہے۔ ایف آئی آر میں بغیر کسی کا نام لیے لکھا گیا ہے کہ ”کسی شہری نے تیندوا گھرمیں پالاہوا تھا جو نقصان دہ اور غفلت ہے“۔
This leopard who escaped from a private zoo last night In Islamabad is alive and well at our Animal Rescue centre at the old zoo. It’s 6- hour capture op injured one of our Wildlife staff quite badly. Costs to the community and the animal could have been much higher.STOP pvt zoos pic.twitter.com/oygcikA03y
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) February 17, 2023
ذرائع کے مطابق تیندوا کسی اعلیٰ ریٹائرڈ سرکاری افسر کے گھر میں پلا ہوا تھا، جو وہاں سے غفلت پر فرار ہوا۔درج مقدمے میں کہا گیا ہے کہ گھر میں خطرناک جانور رکھنے والے ملزم نے عوام کی زندگی خطرے میں ڈالی۔ تیندوا گھر میں پالنے والے لوگوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
معاملہ سامنے آنے پر جب سما ڈیجیٹل نے پولیس سے رابطہ کیا تو اہل کار کا کہنا تھا کہ فی الحال مذکورہ شہری کی نشاندہی نہیں ہوئی ہے۔علاقے میں موجود سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اس گھر کو ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں سے تیندوا فرار ہوا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ رہائیشی علاقے میں تیندوا کے آزاد گھومنے پر نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
مذکورہ نامعلوم شہری کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 324 اور 289 کے تحت تھانہ سہالہ میں درج کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ چیتا کسی نامعلوم شخص نے گھر میں پالا ہوا تھا، ملزم نے خطرناک جانور رکھ کر شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالا، ملزم کی تلاش جاری ہے، جلد گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔