ویب ڈیسک : ایوان صدر میں بل گیٹس کو ہلال پاکستان ایوارڈ دینے کی تقریب ، صدر مملکت عارف علوی نے بل گیٹس کو ہلال پاکستان ایوارڈ سے نوازا۔
اسلام آباد میں بل گیٹس کو ہلال پاکستان ایوارڈ دینے کی تقریب منعقد کی گئی، صدر مملکت عارف علوی نے بل گیٹس کو ہلال پاکستان ایوارڈ سے نوازا۔
وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت عارف علوی اور وفاقی وزرا تقریب میں شریک تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، جس بعد مائیکروسافٹ کے بانی کو خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔ بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس ایک روزہ دورے پر پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ اس دوران انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جس میں وفاقی وزرا بھی شریک ہوئے۔
عمران خان اور بل گیٹس کی ملاقات میں پولیو کے خاتمے اور دیگر اہم موضوعات پر بات چیت کی گئی۔ سربراہ این سی او سی اسد عمر اور معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سے بل گیٹس سے ملاقات کی، بل گیٹس نے وفد کے ہمراہ این سی او سی کے اجلاس میں شرکت کی۔ این سی اوسی کی پاکستان میں ویکیسنیشن مہم پر عملدرآمد کو سراہا گیا۔
اس سے قبل بِل گیٹس نے چک شہزاد میں پاکستان پولیو پروگرام کا دورہ کیا۔بل گیٹس کے دورے میں معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی موجود تھے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ بل گیٹس کو پاکستان پولیو مہم پروگرام اور پاکستان میں پولیو سے متعلق پیش رفت اور چیلنجز سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
بل گیٹس کی جانب سے پولیو سے متعلق اقدامات کو سراہا گیا اور کہا کہ پاکستان نے پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے۔ بل گیٹس نے کہا کہ پولیو ورکرز اور والدین کے تعاون کے باعث پاکستان ایک سال سے پولیو فری ہے، پاکستان کے ساتھ پولیو پروگرام میں تعاون جاری رکھا جائےگا۔