(جنید ریاض) سکولوں کی کنٹین پر تلی ہوئی اور کھلی اشیا فروخت کرنے پر پابندی عائد، اب کنٹین پر سموسے، پکوڑے اور نان ٹکی فروخت نہیں کی جاسکے گی۔
سکولوں میں صرف فوڈ اتھارٹی سے منظورہ شدہ اشیا ہی فروخت کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ فروٹ چاٹ، آلو چنے اور سلنڈر والا چولہا جلانے پر بھی پابندی عائد ہوگی، قوانین کی خلاف ورزی پر کنٹین کو بھاری جرمانہ کیا جائے گا یا کنٹین سیل کردی جائے گی، اس بارے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے تمام سکولوں کو ہدایت جاری کردی۔
سی ای او ایجوکیشن پرویز اخترخاں کا کہنا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی پر متعلقہ سکول سربراہان کو بھی انکوائری میں شامل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سکولوں میں مضر صحت مشروبات بیچنے پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔
دوسری جانب لاہور کے مختلف سکولوں میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایجوکیشن اتھارٹی نے نوٹس لیا۔ سی ای او، ڈی ای اوز اور ڈپٹی ڈی ای اوز سکولوں کا وزٹ کریں گے، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور اے ای اوز بھی سکولوں کا وزٹ کریں گے۔
انسپکشن ٹیمیں سکولوں میں صفائی، فرنیچرز، فنڈز کے ریکارڈ کا جائزہ لیں گی۔ دوران وزٹ ایجوکیشن ، ٹائم ٹیبل ،حاضری،پلے گرائونڈز اور بائونڈری وال کا بھی معائنہ کیا جائے گا۔ کوتاہی کی صورت میں متعلقہ سکول سربراہان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔